پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں سب دہشت گرد نہیں، حکومت کا فرض ہے کہ انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوشش کرے۔
حسن مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے نظریات پر کھڑی ہے، 27 دسمبر پیپلز پارٹی کے لیے سیاہ ترین دن ہے، ملک میں موجود فتنہ اور انتشار زوال پزیر ہو رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ فتنےکے زوال میں کسی کا ہاتھ نہیں بلکہ اس پارٹی کا اپنا ہاتھ ہے، ہم نے ضیاء مارشل لاء دیکھا لیکن کبھی اداروں کی بات نہیں کی، ہم آج بھی کہتے ہیں کہ جنرل ضیاء جمہوریت دشمن تھے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہوا ٹھیک نہیں تھا، ایک وزیرِ اعلیٰ، ایک مجرم کو چھڑوانے کے لیے وفاق پر چڑھائی کرتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ 30 نومبر کو بھرپور طریقے سے یومِ تاسیس منایا جائے گا، ہم پارٹی کو پنجاب میں مضبوط کریں گے۔