بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بیان دیا ہے کہ سیکیورٹی تحفظات ہیں۔
نئی دہلی سے جاری بیان میں ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان کےدورے پر بی سی سی آئی کا جو بیان ہے وہ دیکھیں۔
دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپنئز ٹرافی کےلیے مستقبل پر غور کےلیے بلایا گیا اجلاس 15 منٹ بعد ہی ملتوی کردیا گیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی کے ساتھ مل کر ایونٹ کےلیے ایک قابل قبول آپشن تلاش کریں گے۔
بھارتی ہٹ دھرمی اور پاکستان کے مضبوط مؤقف کے بعد آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی کے مستقبل پر بات کرنے کےلیے جمعہ کو بورڈ اجلاس بلایا جس میں ابتدائی مشاورت کے بعد یہ طے ہوا کہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی کے ساتھ مل کر ایک ایسا آپشن تلاش کریں گے جو سب کو قبول ہوگا۔
اس عمل میں دو سے تین دوست بورڈز بھی شامل ہوسکتے پیں اور اس کو 24 سے 48 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔
ہائبرڈ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے مؤقف پر قائم رہا، پاکستان نے اپنے مؤقف میں کوئی لچک نہیں دکھائی، پاکستان نے اپنے مؤقف سے متعلق بریفنگ دی۔
اس سے قبل بھارت نے مکمل چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے باہر لے جانے کےلیے لابنگ شروع کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بھارتی حربوں کے توڑ کےلیے تیاری مکمل کرلی ہے، بورڈ کوئی بھی آپشن اپنی شرائط کے بغیر تسلیم نہیں کرے گا۔