دو تین دہائیوں سے مکانات کی تعمیر میں خوبصورتی اور جدت لانے کے لیے سب سے زیادہ ٹائلز کو استعمال کیا جارہا ہے۔ کسی بھی عام مواد سے تعمیر کروائے گئے فرش کے مقابلے میں ٹائلز دیکھنے میں زیادہ نفیس لگتے ہیں اور ان کی صفائی بھی بے حد آسان ہوتی ہے۔ خوبصورت اور نت نئے ڈیزائن کے حامل ٹائلز آجکل بے حد مقبول ہیں اور ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ تعمیرات یا تزئین نو کے دوران ٹرینڈ پر بھی عمل کیا جائے۔
ٹائلز کے انتخاب میں جمالیاتی نقطۂ نظر کے ساتھ ساتھ ان کی افادیت بھی دیکھی جاتی ہے۔ مارکیٹ میں ٹائلز کی کئی اقسام دستیاب ہیں جن میں کچھ زیادہ مقبول ہیں توکچھ کم۔ سرامک اور پورسلین ٹائلز (چینی مٹی کا مٹیریل) کا شمار سب سے زیادہ خریدے جانے والے ٹائلز میں کیا جاتا ہے۔
مختلف ڈیزائن اور رنگوں کے ملاپ سے بنائے گئے ٹائلز گھر کی سجاوٹ کے حوالے سے بھی اپنی بہار دکھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹائلز کیلئے منفرد اور خوبصورت ڈیزائننگ کے چناؤ میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق اچھے سنگ مرمر سے بنے ٹائلز کی زندگی عام طور پر8سے 50سال تک ہوتی ہے۔
روشن اور گہرے رنگوں کے ساتھ انہیں دیواروں اور زمین کی سجاوٹ میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اپنے گھر کے لیے ٹائلز کا انتخاب کرنے سے قبل نہ صرف ٹائلز کی اقسام کے متعلق جاننا ضروری ہے بلکہ ٹائلز پیٹرن کے بارے میں بھی معلوم ہونا چاہیے، اس حوالے سے چند تجاویز ذیل میں بتائی جارہی ہیں۔
رگس کا تاثر دیتے ٹائلز
گھروں میں اب قالین کے ساتھ ساتھ رگس بچھانے کا فیشن خاصا مقبول ہے لیکن اگر آپ تھوڑی سی تخلیقی سوچ اپنائیں تو رگس کی جگہ کچھ نیا اور منفرد کیا جاسکتا ہے۔ بعض اوقات کسی گھر میں داخل ہوتے ہی لکڑی کے فرش پر خوبصورت رگ بچھا نظر آتا ہے لیکن غور کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ وہ رگ کے بجائے مختلف پیٹرن کے حامل چھ کونوں (Hexagon) والے ٹائلز ہیں، جنہیں خوبصورتی سے لکڑی پر نصب کیا گیا ہے۔ آپ بھی اس منفرد انداز کو اپنے گھر میں جگہ دےسکتے ہیں۔
قدرتی چمک والا پیٹرن
گھر کولگژری دکھانے کے لیے گلا س ٹائلز ایک نیا ٹرینڈ ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں سرامک ٹائلز سے زیادہ مقبولیت حاصل کر گیا ہے۔ مارکیٹ میں گلاس ٹا ئلز کے مختلف سائز، رنگ اور شیپ دستیاب ہیں جو کہ عام سرامک ٹائلز سے کہیں زیادہ مہنگے ہوتے ہیں لیکن ان ٹائلز کی آرٹسٹک اور ہینڈی کرافٹ خصوصیات قیمتوں کے فرق پر بآسانی حاوی ہوجاتی ہیں۔
آپ گلاس ٹائلز کے چوکور اور بیضوی پیٹرن کا انتخاب کرتے ہوئے قدرتی چمک والا انداز بآسانی تخلیق کرسکتے ہیں۔ آپ ان دونوں ٹائلز کو داخلی راستے، کچن کاؤنٹر کے آس پاس یا بیڈروم کے لیے منتخب کرتے ہوئے ایک خوبصورت ایریا تخلیق کرسکتے ہیں۔
موزائیک، واٹر جیٹ ڈیزائن
عموماً پتھروں سے بنے رگس کا انتخاب صرف باتھ روم کے لیے کیا جاتا ہے، تاہم کچن کے لیے کچھ مختلف انداز اپنایا جاسکتا ہے۔ آپ موزائیک یا واٹر جیٹ پر بنے ٹائلز لگاکر کچن کو ایک دلچسپ وضع دے سکتے ہیں۔ مگر خیال رکھیں کہ ان سب کا انداز ایک سا ہی ہو لیکن ان پر بنا ڈیزائن علیحدہ ہو۔
اوپن فلور کچن کے لیے واٹر جیٹ بہترین انتخاب ہوتا ہے مثلاً آپ کچن میں کسی ایک حصے کو باقی سب سے نمایاں کرنے کے لیے اس کے اردگرد بلیک آئس فلاور ماربل استعمال کرسکتے ہیں۔ کچن کو مزید منفرد انداز دینے کے لیے آپ کچن کاؤنٹر کے چاروں اطراف موزائیک کے خوبصورت پتھروں کا استعمال کرسکتے ہیں ۔
ڈائمنڈ پیٹرن
ڈائمنڈ کے پیٹرن پر بنے ٹائلز کا استعمال فرش کی نسبت دیواروں پر زیادہ کیا جاتا ہے۔ یہ پیٹرن دور حاضر کا ایک نیا ٹرینڈ ہے، جسے چوکور شکل کے ٹائلز کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر جب آپ کو اپنی دیوار یا فرش کی چوڑائی کشادہ دکھانا مقصود ہو تو 45ڈگری پر بنےماربل لے آؤٹ کو چوکور ٹائل کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔
کچن کاؤنٹر کے ارد گرد بھی اس ٹائل پیٹرن کو مختلف انداز سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹائلز کے لیے منتخب ایریا کو مزید جاذب نظر بنانے کے لیے گہرے اور ہلکے رنگوں کے حسین ملاپ سے موڈ کو بہتر کرنے والا ڈیزائن بھی بطور ٹرینڈ اپنایا جاسکتا ہے۔ ڈائمنڈ پیٹرن تمام ٹائلز کی اقسام مثلاًموزائیک ، سرامک اور ماربل میں دستیاب ہے۔