• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیراتی شعبے میں معیاری مواد کا استعمال کتنا اہم ہے؟

کسی بھی عمارت کو پائیدار اور مضبوط بنانے میں معیاری تعمیراتی مٹیریل کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ تعمیرات میں جس قدر معیاری مٹیریل استعمال کیا جائے گا، مکان یا کوئی بھی تعمیراتی ڈھانچہ اتنا ہی زیادہ پائیدار تیار ہوگا۔

مارکیٹ میں کئی طرح کے مٹیریل دستیاب ہیں، تاہم قیمت کے فرق کی وجہ سے لوگ عموماً عام تعمیراتی مواد خرید لیتے ہیں، جس کا طویل مدت میں نقصان ہوتا ہے۔ مکان کی تعمیر پر کثیر سرمایہ اور وقت لگتا ہے، اور یہ ایسا کام ہے جو بار بار نہیں کیا جاتا۔ 

لہٰذا پائیداری کو مدِنظر رکھتے ہوئے معیاری تعمیراتی مٹیریل کی خریداری پر اگر کچھ زائد رقم خرچ کرلی جائے تو یہ بعد میں مرمت پر اٹھنے والے کئی خرچے بچاسکتی ہے۔ 

معیاری مٹیریل کے حصول کے ساتھ تجربہ کار ماہر کاریگر اور پیشہ ور آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ معیاری مٹیریل کا اگر درست طریقے سے استعمال نہ کیا جائے تو اس کی افادیت کم ہو سکتی ہے۔ 

ایک بار جب آپ زمین کی نوعیت، سائز اور نقشے کے مطابق مکان بنانے کی منصوبہ بندی کرلیں تو ٹھیکیدار یا آرکیٹیکٹ کی مدد سے معیاری مٹیریل حاصل کریں۔ ویسے بھی جہاں آپ نے اور آپ کے بچوں نے رہنا ہو تو پھر اس کے میعار پر قطعی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ 

ذیل میں معیاری مٹیریل کے استعمال کے فوائد کے بارے میں ذکر کیا جارہا ہے۔

تحفظ: مکان کی تعمیر کا بنیادی مقصد سرچھپانے کی جگہ کا حصول ہے، جسے رہائش کے لیے محفوظ بنانا اولین ترجیح ہوتی ہے۔ تعمیرات کے دوران معیاری مٹیریل کا استعمال کرکے آپ خود کو اور گھر والوں کو بہت سے خطرات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

مدت میعاد : معیاری تعمیراتی مٹیریل اضافی قوت کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے تاکہ وہ دیرپا صلاحیت کا حامل ہے۔ معیاری تعمیراتی مٹیریل کا استعمال وقتی طور پر جیب پر بھاری پڑتا ہے مگر طویل مدت میں اس سے رقم اور وقت کی بچت ہوتی ہے۔ معیاری مٹیریل سے تعمیرشدہ گھرطویل عرصہ تک مستحکم رہتا ہے۔

طاقت: غیر معیاری یا کمتر معیار والے مٹیریل کے مقابلے میں معیاری مٹیریل میں بوجھ برداشت کرنے اور لمبے عرصے تک قائم رہنے کی زیادہ قوت ہوتی ہے۔ اگر ہم لوہے کی بات کریں تو اس کے کئی درجات ہوتے ہیں، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ کس درجے کا لوہا استعمال کرتے ہیں۔ 

معیاری لوہا کسی بھی قدرتی آفت کے نتیجے میں مکان کے ڈھانچے کو نقصان سے محفوظ رکھتا ہے۔ اچھی ساخت والا مٹیریل عمارت کو گرنے سے روکتا ہے، ساتھ ہی معیاری بلاکس سے بنی دیواروں میں دراڑیں کم پڑتی ہیں۔ یہی صورتحال دیگر تعمیراتی مٹیریل جیسے کہ بلاکس ، ٹائلز وغیرہ کی بھی ہوتی ہے، ان کو منتخب کرتے ہوئے بھی معیار اورپائیداری کو سامنے رکھا جائے۔

ستون: کسی بھی تعمیراتی ڈھانچے میں ستون کافی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، جو چھت، سلیبس اور بیمز کے ساتھ اپنا وزن بھی سہارتے ہیں۔ اگر ستون بنانے یا ان کے تعمیراتی مٹیریل میں نقص ہو تو پوری عمارت منہدم ہو سکتی ہے۔ اسی لیے ستونوں کی تعمیر کے وقت معیاری مٹیریل کا استعمال کریں۔ بہترمٹیریل سے بنے گھرطویل عرصہ تک مستحکم رہتے ہیں۔

صوتی موصلیت: اچھے معیار کا سامان مضبوطی سے تعمیر / تیار کیا جاتا ہے، لہٰذا ان میں آواز کی موصلیت کی بہتر صلاحیت ہوتی ہے جیسے کہ بہترین ٹھوس دروازے اور کھڑکیاں۔

لاگت: جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے کہ بہتر معیار کی وجہ سے ان مٹیریل کی لاگت دیگر دستیاب کوالٹی کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، تاہم طویل مدت تک درست حالت میں رہنے کی وجہ سے ان کی مرمت پر رقم خرچ نہیں کرنی پڑتی۔ ایک عرصہ گزرنے کے بعد جب کبھی معیاری مٹیریل کی مرمت یا بحالی کرنا ہو تو یہ عمل آسان ہوتا ہے اور اس پر زیادہ خرچ بھی نہیں آتا۔

تنصیب میں آسان: معیاری مٹیریل کی تیاری میں غلطی کے امکان کو کم سے کم کیا جاتا ہے اوران کی تیاری ایسی کی جاتی ہے کہ مزدوروں یا دیگر کام کرنے والوں کے لیے ان کا استعمال آسان رہے۔

صحت اور حفاظت: معیاری مٹیریل کی ایک اور اہم خوبی یہ ہے کہ اس کی وجہ سے تعمیراتی سائٹ پر حادثات نہیں ہوتے اور ممکن ہے کہ وہ زہریلے مادے کا اخراج بھی نہ کریں کیونکہ معیاری مٹیریل کو مارکیٹ میں متعارف کروانے سے قبل لیبارٹریز میں جانچا جاتا ہے۔

نمی / موسم کی مزاحمت: معیار ی اجزا سے تیاری کی وجہ سے یہ مٹیریل، نمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی خرابی یا موسم کی خراب صورت حال کو عمدگی سے برداشت کرتے ہیں جبکہ ناقص مٹیریل موسم کی خرابی کو برداشت نہیں کرپاتے جیسے کہ لوہا زنگ آلو د ہو جاتاہے ، جس سےمکان کے استحکام کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ 

خدانخواستہ آگ لگنے کی صورت میں معیاری مٹیریل مزاحمت کرتے ہوئے اسے پھیلنے سے روکتے ہیں کیونکہ ان مٹیریل کی تیاری کے دوران آگ سے مزاحمت والی خصوصیت کا بھی دھیان رکھا جاتاہے۔

ماحول دوست: دورِ جدید میں مٹیریل کو ماحول دوست بھی بنایا جارہا ہے تاکہ ضائع ہونے والی توانائی اور کاربن کے اخراج کو کم سے کم کیا جاسکے۔

ساخت کی اہلیت: صحیح استعمال کے ساتھ اچھی ساخت والا مٹیریل آپ کی عمارت کو گرنے سے روک سکے گا جیسے کہ اچھے بلاکس سے بنی دیواروں میں دراڑیں کم پڑتی ہیں۔ معیاری مٹیریل کی بحالی یا مرمت آسان ہوتی ہے اور اس پر زیادہ خرچ بھی نہیں آتا۔

جمالیات: اگر ہم پینٹ کی بات کریں تو معیاری پینٹ بہترین اجزا سے تیار ہوتے ہیں۔ انہیں جب مکان کی آرائش کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تو اس کی جمالیات بھی اُبھر کر سامنے آتی ہیں۔

ری سائیکلنگ: تعمیرات کے دوران عام مٹیریل کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ویسٹیج بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ان ہی تعمیراتی مٹیریل میں سے ایک میرین پلائی ووڈ ہے، جو کہ نرم لکڑی کے تختے ہوتے ہیں اور ایک بار استعمال کے بعد خراب ہوجاتے ہیں۔ 

تاہم، ان کو ری سائیکل کرکے دوبارہ استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ معیاری مٹیریل استعمال کرنے کی خاص بات یہ ہے کہ ان کا ضیاع بھی کم ہوتا ہے، جس سے نہ صرف آپ کے سرمائے کی بچت ہوتی ہے بلکہ ویسٹیج کو ٹھکانے لگانے کی پریشانی بھی کم ہوتی ہے۔

وائرنگ: بجلی کی وائرنگ کے لیے مسلمہ اصول یہ ہے کہ مکان کی تعمیر کے دوران معیاری انڈرگرائونڈ کرواتے ہوئے جو بھی تاریں، ساکٹس اور سرکٹس استعمال کیے جائیں، وہ میعاری ہوں۔ تانبے سے بہتر بجلی کاکوئی موصل (Conductor)نہیں اور اگر خالص تانبے کے تاروں کا استعمال کیا جائے تو سالہا سال پریشانی نہیں ہوتی۔