لندن (پی اے )موسم سرما میں فیول پیمنٹ کے بغیر 37فیصد معمر افراد کو زندگی گزارنا مشکل ہوجائے گی،گزشتہ سال 77فیصد پنشنرز نے فیول پیمنٹ کی رقم اپنے گھروں کو گرم رکھنے ،پانی گرم کرنے اور بجلی کے گھریلو آلات چلانے پر صرف کی جبکہ 24فیصد افراد نے یہ رقم اپنے کھانا پکانے پر خرچ کی ،چیرٹی تنظیم ایج یوکے کے مطابق موسم سرما میں فیول پیمنٹ کے بغیر 37 فیصد معمر افراد کو زندگی گزارنا مشکل ہوجائے گی، یہی صورتحال کم وبیش55فیصد ان پنشنرز کو بھی درپیش ہوگی جو فیول پیمنٹ کے حقدار نہیں ہیں لیکن ہاؤسنگ بینی فٹس ،کونسل ٹیکس سپورٹ یا کیئرر الاؤنس جیسے فوائد حاصل کررہے ہیں ،55فیصد سے زیادہ پنشنرز کا کہناہے کہ وہ گھر گرم رکھنے کے اوقات میں کمی کردیں گے اور بجلی کا استعمال بند کردیں گے ۔10فیصد افراد نے کہا کہ وہ گرم کھانا کھانا ترک کردیں گے ،کنتار سروے کے مطابق ستمبر میں 66سال سے زیادہ عمر کے ایک ہزار سے زیادہ افراد سے بات چیت کے بعد یہ نتائج اخذ کئے گئے۔ جولائی میں چانسلر راکیل ریوز نے کہاتھا کہ بینی فٹس میں کٹوتی سرکاری خزانے کے بلیک ہول کو بند کرنے یعنی ختم کرنے کیلئے کی گئی ہے ۔جولائی میں چانسلر راکیل ریوز نے اعلان کیا تھا کہ موسم سرما کے فیول پیمنٹ کو ان پنشنرز تک محدود کیا جائے گا جو دوسرے بینی فٹس حاصل نہیں کررہے ہیں ۔ ایج یوکے نے کم آمدنی والے افراد کو تاکید کی ہے کہ وہ چیک کریں کہ آیا وہ پنشن کریڈٹ کے اہل ہیں یا نہیں۔ ایک 81سالہ شخص نے خیراتی ادارے کو بتایا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ دن میں صرف ایک گھنٹہ گرمی کا استعمال کریں۔ایک دوسرے 87سالہ شخص نے کہاکہ مجھے زیادہ دیر تک بستر پر رہنا پڑے گا اور صرف کھانے کے لئے اٹھنا پڑے گا۔ ایج یوکے چیریٹی کی ڈائریکٹر کیرولین ابراہمز کا کہنا ہے کہ ایج یوکے میں ہمارے لیے یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے اور کسی اور کو بھی اس پر تعجب نہیں ہونا چاہیے کہ عمر رسیدہ افراد کی اکثریت نے گزشتہ سال موسم سرما کے ایندھن کی ادائیگی توانائی سے متعلق اخراجات پر خرچ کی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ یا 10 سال پہلے کے مقابلے میں ایندھن کی قیمتوں میں اتنا اضافہ ہوا ہے، کہ وہ عمر رسیدہ افراد جو ریٹائرمنٹ میں نسبتا آرام دہ زندگی گزارنے نے کی توقع رکھتے تھے وہ بھی متاثر ہوئے ہیں اور اپنے اخراجات میں سختی کے ساتھ کٹوتی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اور جن لوگوں کے پاس زیادہ پیسہ نہیں ہے، ان کے لیے توانائی کے بل حقیقی خوف کا باعث بن چکے ہیں۔ گھریلو سپورٹ فنڈ موسم سرما میں بلوں اور ضروری اخراجات کے ساتھ جدوجہد کرنے والے گھرانوں کی مدد کرتا ہے۔ ایج یوکے نے ان لوگوں پر جو اپنی مقامی کونسل سے رابطہ کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں زور دیا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ آیا وہ فنڈ سے کسی مدد کے حقدار ہیں یا نہیں۔یہ اعداد و شمار اس وقت جاری کیے گئے جب خیراتی ادارے میری کیوری نے اس بات کو یقینی بنانے کی گارنٹی مانگی کہ کسی بھی بیماری میں مبتلا کوئی بھی شخص، چاہے وہ پنشن کی عمر کا ہو یا کام کرنے کی عمر کا ہو، موسم سرما کے ایندھن کی ادائیگی کیلئے رقم حاصل کرے۔ میری کیوری کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر برائے پالیسی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر سیم روئسٹن کا کہنا ہے کہ تہواروں کا موسم گرمجوشی، خوشی اور جشن سے بھرپور ہوتا ہے۔ کسی کو بھی پیسے کی فکر میں اپنے آخری دنوں کا سامنا نہیں کرنا چاہئے یا آیا وہ اپنے گھر کو گرم کرنے یا یہاں تک کہ کرسمس لائٹس کو تبدیل کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔خیراتی ادارے سو رائیڈر کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سینڈرسن کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے بیشتر حصوں میں برف اور برف باری کے باعث شدید بیمار افراد پہلے ہی اپنی علامات پر سرد موسم کے تباہ کن اثرات محسوس کر رہے ہوں گے۔ اور جنوری کے لئے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے حالیہ اعلان نے ان کی بڑھتی ہوئی مالی ضروریات اور معیار زندگی کو ایک اور دھچکا پہنچایا ہے ، جس سے بہت سے لوگ اس بارے میں غیر یقینی کا شکار ہو جائیں گے کہ وہ موسم سرما میں کس طرح گرم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ سرد موسم کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ بہت سے شدید بیمار لوگ وقت سے پہلے ہی مر جائیں۔انھوں نے کہ ایسے لوگوں کو سماجی توانائی کے نرخوں اور معاوضے کی اسکیموں کے ذریعے مزید مدد کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے گھر کو گرم رکھنے اور ضروری طبی آلات جن پر وہ انحصار کرتے ہیں کو چلانے کے بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرسکیں۔ حکومت کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم پنشنرز کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ اس پارلیمنٹ میں ٹرپل لاک کے حوالے سے ہمارے عزم کے تحت لاکھوں افراد کی سرکاری پنشن میں 1900پاؤنڈ تک کا اضافہ ہوجائے گا۔ دس لاکھ سے زیادہ پنشنرز کواب بھی موسم سرما کے ایندھن کی ادائیگی کیلئے رقم ملے گی، اور پنشن کریڈٹ لینے کو فروغ دینے کی ہماری مہم سے پنشن کریڈٹ کےدعووں میں 152فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بہت سے دوسرے لوگ بھی اس موسم سرما میں 150 پونڈ کی گرم گھریلو رعایت اور سرد موسم کی ادائیگیوں سے فائدہ اٹھائیں گے ، جبکہ گھریلو سپورٹ فنڈ میں ہماری جانب سے کی گئی توسیع سے کھانے ، ہیٹنگ اور بلوں کی لاگت کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔