کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ناکامی کے بعد پی ٹی آئی کو اپنی سیاسی بقاء کے لئے مزاحمت کے بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا،عمران خان اور پی ٹی آئی کی قیادت کو اس بات کا احساس کرنا چاہئے کہ ملکی سلامتی پر اس جماعت کی جانب سے کی گئی کئی ناکام لشکر کشی کے باوجود ملک کی تمام سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی پر پابندی کے خلاف ایک پیج پر دکھائی دے رہی ہیں، ان کی خواہش ہے کہ پی ٹی آئی قومی دھارے اور ملک کے مفاد میں سیاست کرے، اس وقت پی ٹی آئی صرف کے پی کے تک محدود ہوتی جارہی ہے، اس کی ملک گیر مقبولیت میں کمی واضح نظر آرہی ہے،انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت جن حالات سے دوچار ہے اس میں ملک کسی قسم کے انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی کو سوچنا چاہئے کہ وہ ملک میں مکمل طور پر تنہائی کی جانب بڑھ ر ہی ہے، ملک کی سیاست میں تنہائی کسی بھی جماعت کی بڑی ناکامی ہوتی ہے، پی ٹی آئی کو سنجیدگی کے ساتھ اپنی سیاسی پالیسی میں تبدیلی لانا ہوگی اور منتخب ایوانوں میں ایک مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کر کے ملک کو مظبوطی کے راستے پر لے جاناہوگا، پی ٹی آئی کے محب وطن اور تجربے کار سیاسی رہنمائوں کو قیادت سنبھالنا ہوگی تاکہ یہ جماعت مکمل تباہی سے بچ سکے۔