کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے امیگریشن میں عرصے سے تعینات خواتین افسران جن کو عدالتی فیصلے کے بعد ادارے میں ضم کر دیا گیا تھا اور اب وہ مختلف سرکلز میں تعیناتی اور تفتیش کی خواہاں ہیں ان کو ایف آئی اے ٹریننگ اکیڈمی میں چھ ماہ کے لازمی تفتیشی ٹریننگ کورس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان خواتین میں انسپکٹر اور سب انسپکٹرز شامل ہیں۔ اس حوالے سے پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ایم صائم سلطان نے نوٹیفکیشن جاری کیا اور اس کے بعد ایف آئی اے ٹریننگ اکیڈمی کے سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر رب نواز نے دوسرا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ چھ ماہ کے ٹریننگ کورس میں شامل خواتین افسران میں مسرت اکرم، عظمی اسلم، انسا طیبہ، شازیہ نورین، اسماء، کنزہ، ثناء خورشید اور دیگر شامل ہیں۔ ڈی ڈی رب نواز کا کہنا تھا کہ خواتین نے جوائننگ دے دی ہے اور کورس شروع ہو چکا ہے۔