کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کا ایک وفد جلد امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر کے نہ صرف حقائق سے آگاہ کرے گا بلکہ ان سے التجا کرے گا کہ وہ اپنے ماضی کے وعدہ کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو 10 لاکھ سے زیادہ بھارتی مسلح افواج نے جیل بنا رکھا ہے مگر اقوام عالم مکمل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اُنہوں نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو بتانا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی اہلکار وہاں ظلم اور بربریت کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں اور کشمیریوں کا جرم یہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جانب سے پیش کی گئی حق خودارادیت کی قرارداد پر عملدرآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارتی جبر کے باوجود بھی کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی منصفانہ تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جس کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کرنا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کے فورم پر کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے آج تک اس وعدے کو پورا نہیں کیا۔
زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ کشمیری اپنی قربانیوں سے ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں اور وہ کسی کو ان عظیم قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔