انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے رہنما زاہد اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت عالمی سطح پر کشمیریوں اور سکھوں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی پر اتر آئی ہے۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل دہشت گردی کے دوران بھارتی حکومت پاکستانی افواج کے خلاف بھی مہم جوئی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو فرانس میں ہونے والے سکھوں کے مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے۔
زاہد اقبال ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کے لیے کشمیر مخالف ہندوتوا پالیسی پر عمل درآمد اور فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نےعالمی برادری پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقے میں بھارت کو اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے پر عمل درآمد کرنے سے روکے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے پر زور دے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں کشمیری شہداء، پاکستان اور آزاد کشمیر ہجرت کرنے والے ہزاروں کشمیریوں اور حریت قائدین سمیت غیر قانونی طور پر نظربند کئے گئے کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
زاہد اقبال ہاشمی نے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ مظالم، گرفتاریوں، محاصرے، تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور املاک کو ضبط کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازع کشمیر کے جلد حل کے لیے اقدامات کرے
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کی قابض انتظامیہ نے بھارتی فوج اور پولیس کی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے۔