قومی ادارۂ صحتِ اطفال کراچی میں دھڑ سے جڑی بچیوں کے کامیاب آپریشن کے بعد دونوں کو آج اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچیوں کی پیدائش 11 ستمبر کو این آئی سی ایچ میں ہوئی تھی، 2 ماہ اسپتال میں نگہداشت کے بعد 20 نومبر کو آپریشن کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچیوں کے الگ الگ جگر تھے جو آپس میں جڑے ہوئے تھے، آپریشن کے بعد ان کے جگر کامیابی سے الگ کیے گئے۔
اسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ آپریشن کے بعد انفیکشن کا خطرہ ہوتا ہے لیکن بچیوں کی حالت ٹھیک ہے، وہ کسی بھی انفیکشن سے متاثر نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ دھڑ سے جڑی نوشہرو فیروز کی 2 نومولود بہنوں کی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کراچی میں کامیاب سرجری ہوئی تھی۔
این آئی سی ایچ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ناصر کا کہنا تھا کہ 4 گھنٹے تک جاری سرجری میں 4 ماہر سرجنز نے حصہ لیا۔
پروفیسر ناصر نے کہا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ دونوں بچیوں کی سرجری کامیاب ہوئی، سرجری کے تمام اخراجات اسپتال انتظامیہ نے برداشت کیے تھے۔