راولپنڈی(نمائندہ جنگ)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی حمایت کے ساتھ، تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے‘افواج پاکستان ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نارووال اور سیالکوٹ میں فیلڈ مشق کے دورہ کے دوران خطاب کررہے تھے۔ مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس کی جانب سے مربوط فائر اور مینیوور آپریشنز کیے گئے۔ اس مشق میں جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کے موثر استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا جو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔