• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کے تعاون سے کراچی حیدرآباد نئی موٹر وے بنائینگے، احسن اقبال

کراچی( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چینی مہمانوں کی حفاظت کی یقین دہانی کرا چکا ہے، پانچ سالہ منصوبے میں کراچی-پشاورموٹر وے کا منصوبہ مکمل کرلیا جائیگا اور چین کی مدد سے کراچی- حیدرآباد کی نئی موٹر وے بنائینگے، سندھ کی ترقی میں وفاق ہر قسم کا حصہ ملانے کو تیار ہے، سندھ ترقی کریگا تو ملک ترقی کریگا، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ ملکر 20 پسماندہ ترین اضلاع کی ترقی کیلئے منصوبہ شروع کیا ہے جن میں بلوچستان صوبے کے 11 اضلاع سندھ کے 5 اضلاع خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع اور اور ایک پنجاب سے شامل ہیں۔کراچی کے سائٹ لمیٹڈ میں تقریب سے خطاب اور گھارو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا پاکستان کو مخصوص سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا لیکن پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے بیج دوبارہ بوئے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ میرے لیے سائٹ آنا اعزاز ہے، وفاقی حکومت نے سائٹ کیلئے 5 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں اسی منصوبے کا جائزہ لینے آیا تھا، جس کا وعدہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا، 5 ارب روپے کا منصوبہ معاشی ترقی کی سوچ کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برآمد کرنے والا ملک بنانا ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے صنعتی پیداوار بڑھانا ہوگی، 5 سالہ منصوبہ پاکستان کو مضبوط بنائیگا اورحکومت کی جانب سے 5 سالہ منصوبے کا اعلان وزیراعظم اسی مہینے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپوٹرز کو کہتا ہوں کہ حکومت آپکی پشت پر کھڑی ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کچھ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ہم عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)پروگرام میں ہیں تاہم آہستہ آہستہ مایوسی کے بادل چھٹ جائینگے، ملک سے انتشار ختم کرکے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے 30 رکنی پاکستانی ماہرین کے وفد کو مدعو کیا ہے، پاکستانی وفد 10 سے 23 دسمبر کو چین کا دو ہفتوں کا دورہ کریگا، دورے پر سی پیک کے فیز ٹو پر کام کرینگے۔
اہم خبریں سے مزید