اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اطلاعات و نشریات کی ذیلی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں احتجاج کے دوران صحافیوں پر تشدد اور ڈی ایس این جیز کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ قومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات کی ذیلی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید امین الحق نے رولنگ دی کہ آئی ٹی این ای کے ممبران کی تعداد 5 کرنے کے لئے فوری عمل کیا جائے۔ سید امین الحق نے یہ ہدایات منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ذیلی قائمہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ سید امین الحق نے ڈمی اخبارات کے حوالے سے شکایات اور پی بی اے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے پالیسی کے مطابق اقدامات کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران، ارکان اسمبلی سحر کامران، مولانا عبدالغفور حیدری اور معظم علی خان شریک تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جی ایم جمالی، افضل بٹ، ناصر زیدی، آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن کے محمد صدیق انظر، نیشنل پریس کلب کے اظہر جتوئی، پارلیمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے عثمان خان، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے باسط ریاض شیخ، اے پی این ایس اور سی پی این ای کے نمائندگان بھی موجود تھے۔