کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں رہائشی فلیٹ سے ہندو سول انجینئر کی گلا کٹی لاش ملی، پولیس نے قتل کے شبہ میں مقتول کی اہلیہ کو شامل تفتیش کر لیا۔تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانہ کی حدود گلستان جوہر بلاک 19 امام بارگاہ والی گلی میں لاکھانی اپارٹمنٹ سے متصل رہائشی اپارٹمنٹ کے فلیٹ میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔جس کی لاش پولیس نے اسپتال پہنچائی جہاں مقتول کی شناخت 35 سالہ راہول کمار ولد راج کمار کے نام سے کی گئی ، مقتول سول انجینئر تھا اور کنٹریکٹ پر کام کرتا تھا ، آبائی تعلق اندرون سندھ شکار پور سے تھا۔پولیس کے مطابق مقتول راہول کمار کو نامعلوم ملزمان نے گلا کاٹ کربے دردی سے قتل کیا۔ مقتول کی اہلیہ نے واردات کے تین سے چار گھنٹے بعد پولیس کو اطلاع دی۔اہلیہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ کوئی شخص ان کے گھر میں داخل ہوا جو ماسک لگایا ہوا تھا اس نے چھری سے راہول کا گلا کاٹ دیا۔