• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا، عوامی دباؤ، پارلیمنٹ کا مطالبہ، صدر کا مارشل لاء ہٹانے کا اعلان

سیؤل ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) جنوبی کوریا میں صدر نے مارشل لاء کے نفاذ کا اعلان کردیا ، ملک بھر میں شدید عوامی رد عمل اور پارلیمنٹ کے مطالبے پر صدر نے چند ہی گھنٹوں بعد مارشل لاء ہٹانے کا اعلان کردیا ، ہزاروں شہری اور ارکان اسمبلی سکیورٹی حصار توڑتے ہوئے پارلیمنٹ پہنچ گئے ، فورسزاور مظاہرین میں جھڑپیں ، اپوزیشن جماعتوں نے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے اپوزیشن پر غیر ریاستی سرگرمیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک میں مارشل لا ءنافذ کرنے کا اعلان کر دیا، پارلیمنٹ کو سیل کردیا گیا ، اس اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد ہزاروں مظاہرین اور 190ارکان پارلیمنٹ سکیورٹی حصار توڑتے ہوئے پارلیمنٹ پہنچ گئے ، 300ارکان کے ایوان میں سے 190نے مارشل لاء کیخلاف ووٹ دیا اور اسے کالعدم قرار دے دیا ۔ صدر کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کے مطالبے کے بعد کابینہ کے اجلاس میں مارشل لاء ہٹانے کا اعلان کریں گے ۔ قبل ازیں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل کی سڑکوں پر فوجی ٹینکوں نے گشت کیا اور اس دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں معمولی جھڑپیں بھی رپورٹ ہوئیں ۔ اپوزیشن جماعتوں نے مارشل لاء ہٹائے جانےکے اعلان کے باوجود صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کے خاتمے کی کوشش پر ان کا مواخذہ ضرور کیا جانا چاہئے ۔ اسمبلی میں مارشل لاء کیخلا ف قرارداد کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر وو وون شیک نے مارشل لاء کو "غیر قانونی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون ساز "عوام کے ساتھ مل کر جمہوریت کا تحفظ کریں گے۔" وو کی جانب سے واپسی کا مطالبہ کرنے کے بعد پولیس اور فوجی اہلکاروں کو اسمبلی کے میدانوں سے نکلتے دیکھا گیا۔قبل ازیں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کے اعلان کیساتھ ہی اسمبلی کو سیل کردیا گیا تھا جبکہ براڈکاسٹرز کی طرف سے نشر کی جانے والی لائیو ٹیلی ویژن فوٹیج میں سیؤل میں عمارت کی چھت پر ہیلی کاپٹروں کو اترتے دیکھا گیا۔

اہم خبریں سے مزید