قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے اجلاس میں ممبر کمیٹی آغا رفیع اللّٰہ اور سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی کے درمیان تکرار ہوگئی۔
سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ ڈیلی ویجرز اساتذہ کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ 28 ہزار ہے، ڈیلی ویجرز اساتذہ کو این جی او لیپ ٹاپ اور سہولتیں دے رہی ہے۔
آغا رفیع اللّٰہ نے سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہیں رک جائیں کیونکہ آپ این جی اوز کا دفاع کر رہے ہیں۔
سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی نے کہا کہ ہمیں بات مکمل کرنے دیں۔
آغا رفیع اللّٰہ نے کہا کہ میری غلطی ہے ڈیلی ویجرز اساتذہ کی تنخواہ کی بات کر رہا ہوں اور آپ دفاع کر رہے ہیں۔
سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی نے جواب دیا کہ گریڈ 16 کے ریگولر ٹیچر کی بنیادی تنخواہ 40 ہزار ہے اور وہ الیکشن ڈیوٹی، اضافی وقت اور تمام ڈیوٹیز کا پابند ہے جبکہ ڈیلی ویجر یا وزڑنگ عملے میں موجود اساتذہ کوئی اضافی ڈیوٹی نہیں کرتے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ممبر کمیٹی شازیہ ثوبیہ، فیڈرل بورڈ اور این جی او کے نمائندے کی ذیلی کمیٹی بنا رہے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے ذیلی کمیٹی کو ڈیلی ویجر اساتذہ کی تنخواہ پر 1 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں آغا رفیع اللّٰہ کی جانب سے مستحقین کے لیے جامعات میں خصوصی نشستیں رکھنے کا بل بھی زیرِ بحث آیا۔