اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اانتظام کٹاس راج مندر میں ہندو یاتریوں کیلئے تعمیر کیے گئے نئے رہائشی کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے،اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں،نہ صرف ہندوؤں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و ارائش کیلئے کام کرینگے،پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے اپنے لوگ ہیں ہم دنیا کو اقلیتی برادری کے حوالے سے اچھا پیغام دینگے ،کٹاس راج مختلف مذاہب پر مشتمل عظیم ثفافتی ورثہ ہے، جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے 19 کروڑ روپے کی لاگت سےکٹاس راج مندر کے ساتھ ملحقہ 36 کمروں پر مشتمل عمارت تعمیر کی گئی ہےجس میں رہائشی کمروں کے علاوہ وسیع لنگر ہال اور جدید کچن بھی تعمیر کیا گیا ،اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ پاکستان بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہندو یا تری یہاں ہر سہولت کے ساتھ قیام کر سکیں۔ پاکستان آنے والے یاتریوں کی تعداد بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، میں پاکستان بھارت اور دنیا بھر میں بسنے والے ہندو مذہب کے پیروکاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کٹاس راج مندر تشریف لائیں اور مکمل مذہبی آزادی اور حکومت پاکستان کی فراہم کردہ سہولیات کے ساتھ اپنی عبادات ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ، اقلیتوں کے حقوق کیلئے ریاست مدینہ سے بڑھ کر کوئی مثال نہیں دی جاسکتی،پاکستان واحد ملک ہے جس کے پرچم میں بھی اقلیتوں کی نمائندگی ہے۔