کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک جام کے مسئلے نے شدت اختیار کرلی ہے اور شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہونے سےشہری اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں،جب کہ منٹوں کا سفر گاڑیوں میں گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔ پامیر کنزیومر سوسائٹی کے چیف کوآرڈینیٹر نذر بڑیچ،سینئر ڈپٹی کوآرڈینیٹر حاجی سلیم ناصر، سردار حبیب بڑیچ،جعفر خان،فرخ احمد اور یار محمد کا کہنا ہے کہ مختلف اوقات میں شہر کی اہم سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں اور شہری بروقت گھروں کو نہیں پہنچ سکتے، دوسری طرف فٹ پاتھوں اور سڑکوں کی دونوں جانب لوگوں نے ٹھیلے لگالئے ہیں ایسے میں پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیاہے۔انھوں نے کہاکہ سڑکوں پر تجاوزات کی بھر مار ہے سڑکوں کے دونوں اطراف ریڑھی بانوں نے قبضہ کررکھا ہے جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام رہنا معمول ہے جبکہ رہی سہی کسر دکانداروں نے دکانوں کا سامان باہر رکھ کر پوری کردی ہے تجاوزات کے باعث صبح شام اور رات کے اوقات میں گاڑیوں کی طویل اور لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں،انھوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔