دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹرکلب نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 20 دسمبر سے شروع ہوگی۔ قومی سطح پر فائنل مرحلہ 3 سے 15 فروری تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری رانا مجاہد نے اولمپئینز آصف باجوہ، طاہر زمان، محمد عثمان اور انجم سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ دوسری چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 20 دسمبر سے شروع ہوگی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 800 رجسٹرڈ ہاکی کلبز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
رانا مجاہد نے کہا کہ چیمپئن شپ کے مقابلے چار مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 20 دسمبر سے پانچ جنوری 2025 تک ڈسٹرکٹ سطح پر کلبز کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں 8 سے 13 جنوری تک ڈویژن اور ریجنل سطح کے مقابلے ہوں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں 15 سے 22 جنوری تک صوبائی سطح کے مقابلے ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح کے مقابلوں کے اختتام پر 10 ٹیمیں قومی سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کریں گی۔ قومی سطح پر پنجاب سے چار، سندھ اور خیبر پختونخوا سے دو دو جبکہ بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک ایک ٹیم کوالیفائی کرے گی۔
سیکریٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ چوتھے مرحلے میں قومی سطح کے مقابلے 3 سے 15 فروری تک ہوں گے۔ قومی سطح کے ہاکی مقابلے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پر ہوں گے۔
رانا مجاہد نے ایونٹ منعقد کروانے پر چیف آف اسٹاف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ قومی کھیل ہاکی کے دوبارہ فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگی۔