وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سرکل کے عملے نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر چیکنگ کے دوران جہلم کے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
نوجوان سوازی لینڈ کے سروس پاسپورٹ پر سفر کر کے سوازی لینڈ سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔
حکام کے مطابق جہلم کا رہائشی تنویر اشرف گزشتہ رات غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 626 سے دوحہ سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران افسر نے مسافر تنویر اشرف کے پاس موجود سوازی لینڈ کے سروس پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کی، پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے بتایا کہ وہ سوازی لینڈ کا سرکاری ملازم یا سفارت کار نہیں بلکہ اس نے سوازی لینڈ کا پاسپورٹ جنوبی افریقا کے 20 ہزار رینڈ (31 لاکھ پاکستانی روپے) ادا کر کے حاصل کیا ہے۔
حکام کے مطابق سروس پاسپورٹ صرف کسی ملک کے سفارت کار یا سرکاری ملازم کو ہی جاری کیا جاتا ہے، غیر سرکاری شخص ہونے پر تنویر اشرف نے یہ پاسپورٹ کیسے حاصل کر لیا اس شبے پر مسافر کو حراست میں لے کر انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل گجرات منتقل کر دیا گیا ہے۔
مسافر سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔