شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے اور ان کے ملک سے فرار ہونے کے بعد ہزاروں قیدیوں کی رہائی کے باوجود بہت سے افراد اپنے لاپتہ پیاروں کی تلاش میں اب بھی سرگرداں ہیں۔
ایسے ہی بہت سے لاپتہ افراد میں دمشق سے تعلق رکھنے والی ایک دندان ساز، ڈاکٹر رانیہ العباسی اور ان کے 6 بچے بھی شامل ہیں، جنہیں 2013 میں شامی ایجنسیوں نے گرفتار کرلیا تھا جبکہ اس سے ایک دن پہلے ان کے شوہر عبدالرحمان یاسین کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا، جو تا حال لاپتہ ہیں۔
برطانوی ادارے کے مطابق ڈاکٹر رانیہ کی بہن نائلہ العباسی کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ رانیہ اور ان کے بچے زندہ ہوں، ہم انہیں دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر رانیہ العباسی کے اہلخانہ کو 2013 میں ایک خاتون قیدی سے یہ معلوم ہوا کہ ان کے بچے دمشق کے فلسطینی برانچ جیل میں تھے۔ اب قیدیوں کی رہائی کے بعد ان کے خاندان کے افراد جیلوں کے باہر منتظر ہیں، لیکن ابھی تک انہیں کوئی خوشخبری نہیں ملی۔