سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیے، جس میں 9 دسمبر سے اب تک 43 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں کاروائی کی۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت آپریشن میں 6 خارجی مارے گئے۔ 9 دسمبر سے اب تک کے پی میں 18 خارجی ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 دسمبر کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کاروائیاں کیں۔ موسیٰ خیل اور پنجگور میں دو الگ الگ آپریشنز میں 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی ہلاکت سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشتگرد گروہوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں علاقے میں امن بحال ہوجانے اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہیں گی، سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔