مہنگائی کے اس دور میں سب سے مشکل کام گھر کی تعمیرہے جس پر آنے والی لاگت اوراچھا آرکیٹیکٹ نہ ملنے کا خوف انسان کے اپنے گھر کے خواب اور ا س کی تکمیل میں روڑے اٹکاتا ہے۔ اگرچہ یہ حقیقت ہےکہ مکان کی تعمیر کوئی آسان کام نہیں، قدم بہ قدم بھرپور سرمایہ ،توجہ اور محنتی کاریگروں کے بغیر گھرکی تعمیر ناممکن ہے، یہ سب چیزیں جب یکجا ہوں تو گھر کی تعمیر کا مشکل خواب بھی تعبیر پانے لگتا ہے۔
جب اس منصوبے پر عمل درآمد شروع ہوجائے تو ہم کمروں ،کچن اورباتھ روم کی تعمیرکے ساتھ کلر اسکیم پر تو مکمل توجہ دیتے ہیں لیکن ان چھوٹی چھوٹی باتوں اور اہم تعمیراتی نکات کو نظر انداز کردیتے ہیں جو نہ صرف آپ کے مکان کی قدروقیمت کم کردیتے ہیں بلکہ اسےایک متاثر کن مکان بننے نہیں دیتے۔ آج ہم قارئین سے کچھ ایسی باتوں کاذکر کریں گے جو مکان کی تعمیر کی دوران مفیدثابت ہو سکتی ہیں۔
گھر کا رنگ وروغن
ہم اکثر دیکھتے ہیں کچھ عمارتیں نئی دکھنے کے باوجود اپنے بیرونی رنگ وروغن کے سبب بوسیدہ یا پرانی محسوس ہوتی ہیں کیونکہ کم سرمایہ یا زیادہ تعمیراتی لاگت آجانےکے سبب اکثر افراد گھر کے اندرونی حصے کی تعمیر مکمل کروالیتے ہیں جبکہ بیرونی حصہ رنگ وروغن یا پلاسٹر کے بغیرہی نامکمل چھوڑ دیا جاتا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف آپ کے گھر کی قدروقیمت کم کرتی ہے بلکہ آپ کا گھر بدنما بھی محسوس ہونے لگتا ہے ۔
رنگوں کا امتزاج
گھر کے بیرونی حصے کے لیےاکثر لوگ گہرے رنگوں کا انتخاب کرتے ہیں جو کہ غلط بھی نہیں لیکن ان رنگوں میں ہم آہنگی ہونا بھی ضروری ہے۔بیرونی حصے پر کوئی بھی رنگ کروانے سے پہلے بہتر کلرکمبی نیشن کے بارے میں سوچ لیں۔
شیرون ولیمز کے مطابق رنگوں کے امتزاج کے لیے تین طرح کے مختلف اسٹائل دیے جاسکتے ہیں
1- دو رنگوں کا انتخاب ایکسٹیریئر ڈیزائننگ کو منفردانداز دے سکتا ہے ۔
2- ایک گہرے اورایک ہلکے رنگ کو ملا کر آپ ایک جدید اور فیشن ایبل وضع حاصل کر سکتے ہیں۔
3- رنگوں کے امتزاج کا ایک منفرد طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک رنگ سے بیرونی حصے کو رنگے جانےکے بعد بیرونی دروازے کے رنگ کو کنٹراسٹ میں لگاکر جمالیاتی حسن پیدا کیا جاسکتا ہے۔
داخلی دروازہ
کسی بھی گھر میں داخل ہونے کے لیے ہم بیرونی دروازے کا استعمال کرتے ہیں۔ آج کے جدید دور میں عام طور پر بیرونی دروازے پر دو گیٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایک چھوٹا گیٹ پیدل گزرنے والوں کے لیے اور دوسرا بڑا گیٹ گاڑی وغیرہ کے گزارنے کے لیے۔
بیرونی داخلی دروازہ نہ صرف آپ کے مہمانوں کو متاثر کرتا ہے، بلکہ گھر کے سامنے سے گزرنے والے تمام لوگوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ آپ بیرونی داخلہ دروازے کے لیے لکڑی کے دروازے کا انتخاب کریں یا پھر لوہے کا، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس کا سائز اور ڈیزائن ایسا ہو کہ یہ کسی محل کا نظارہ دے۔
ہر کمرے میں کھڑکی
کھڑکی گھر کے ہر کمرے کے لیے بے حد ضروری ہے، گھر کا ہر حصہ چاہے وہ گیسٹ روم ہو یا بیڈ روم، کھڑکی ضرور نکلوائیں۔ روشنی کامناسب انتظام، ہوا اور تازگی کے بھرپور احساس کی خاطر گھر میں کھڑکیوں کی تعمیر کروائی جاتی ہے۔کھڑکی کے ذریعے جہاں روشنی کا انتظام کیا جاتا ہے وہیں ہوا کی آمدورفت کو بھی ممکن بنایا جاتا ہے۔
وائرنگ سےمتعلق احتیاط
دوران تعمیرہی وائرنگ اور الیکٹرک سازوسامان کا کام مکمل کرلیا جاتا ہےتاہم اس کام کو کرواتے وقت یہ احتیاط ضروری ہے کہ بجلی کے تاروں کو ہرگز کھلا نہ چھوڑاجائے۔ بجلی کی کھلی وائرنگ نہ صرف الیکٹرک سسٹم تباہ کرسکتی ہے بلکہ برسات اورلیکیج کے سبب جہاں پانی پائپ میں داخل ہوتا ہےتو وہیں شارٹ سرکٹ ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ یہ صورتحال انسانی جانوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب دوران تعمیر اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ جو بھی تار، ساکٹ یا سرکٹس استعمال کیے جائیں وہ معیاری ہوں۔ وائرنگ کے لیے تانبے سے بہتر بجلی کاکوئی موصل(Conductor) نہیں اور اگر آپ نے خالص تانبے کی تاروں کا استعمال کیاہے توپھر سالہا سال آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
نکاسی کا نظام
نکاسی کا نامناسب انتظام جس طرح شہر کراچی کے لیے وبال جان بن چکاہے۔ اسی طرح اگر آپ کے گھر کا بھی یہ انتظام خراب ہو تو ماحول درہم برہم ہونے لگتا ہے، جس سے محفوظ رہنے کے لیےگھریلو نکاسی کا بہترین نظام ترتیب دینا ضروری ہے۔
باغیچہ
گھر میں باغیچے کی موجودگی دلکشی پیدا کرتی ہے۔ اس کی آرائش بھی ایک فن ہے، انگریزی میں اس فن کو ’لینڈا سکیپنگ‘ کہتے ہیں۔ اس میں پھولوں کی کیاریوں اور گھاس کے سرسبز قطعوں کے علاوہ بھی بہت سی چیزوں کو شامل کیا جاتا ہے جیسے کہ بچوں کے کھیلنے کے لیے کھلی جگہ، بیٹھنے اور گھریلو کام کاج کے لئے بینچ یا کرسیاں وغیرہ، جبکہ دالان اور لان کی ملحقہ زمین کوبھی خوبصورتی سےسجایا جاسکتاہے۔ جاپانی باشندے لینڈاسکیپنگ میں ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
جاپانیوں کے گھر اگرچہ چھوٹے چھوٹے ہوتے ہیں مگر پھر بھی وہ گھروں کے سامنے چند گز کھلی جگہ چھوڑتے ہیں اور اس کھلی جگہ کو لینڈ اسکیپنگ کے ذریعے دلکش بنادیتے ہیں۔ اس کا اہم مقصد یہ ہوتاہے کہ گھر کے اِردگرد کھلی جگہ کی اس طرح تزئین وآرائش کی جائے کہ ماحول خوبصورت لگے اور وہاں وقت گزارنا بہتر محسوس ہو۔
پانی کیلئے بورنگ
گھر کی تعمیر کے دوران جتنی اہمیت کمروں کی تعمیر کی ہے، ہمارے نزدیک اتنی ہی اہمیت اور ضرورت پانی کے مناسب انتظام کی بھی ہے۔پانی کی قلت اوراس کے مسائل کے سبب دورانِ تعمیر ہی پانی کے لیے بورنگ کرانے کا ارادہ کرلیں۔ واٹر ڈرلنگ کے لیے ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کرنی ہوں گی۔
بورنگ سے مراد زمین کی کھدائی کے ذریعے پانی کا حصول ہے جہاں مناسب پانی آجاتا ہے، خواہ وہ 100 فٹ ہو یا 200 فٹ، ٹھیکیدار وہاں بورنگ کاکام روک دیتا ہے۔ ایسا عموماً وہاں ہوتا ہے جہاں آپکو پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہو-بورنگ کا پانی چونکہ عام طورپر کھارا ہوتا ہے اسی لیے آر او پلانٹ بھی نصب کروائے جانے لگے ہیں۔