• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الزام لگایا گیا کہ فیصل قریشی سے شادی کیلئے پہلے شوہر سے طلاق لی: ثناء فیصل


پاکستان کے سُپر اسٹار فیصل قریشی کی دوسری اہلیہ ثناء فیصل نے اداکار سے شادی کے لیے پہلے شوہر سے طلاق لینے کے متعلق گردشی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔ 

ثناء فیصل حال ہی میں فیصل قریشی کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ فیصل قریشی سے ان کی دوسری شادی ہے۔ 

پوڈ کاسٹ میں اداکار فیصل نے اہلیہ ثناء سے اپنی پہلی ملاقات اور شادی کے حوالے سے سوال کیا؟ جس پر ان کی اہلیہ نے بتایا کہ میری اور فیصل کی پہلی ملاقات کافی ڈرامائی تھی جس پر ڈرامہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔

دورانِ گفتگو ثناء نے انکشاف کیا کہ فیصل سے شادی سے قبل میں طلاق یافتہ تھی، دورانِ عدت ان کا رشتہ میرے لیے آیا اور پھر خالہ نے مجھے اور گھر والوں کو ان کے رشتے کے لیے راضی کیا، وہ وقت میرے لیے ایک مشکل وقت تھا میں کچھ بھی نہیں کرنا چاہتی تھی، مجھ پر الزام لگایا جا رہا تھا کہ میں نے فیصل قریشی سے شادی کے لیے طلاق لی، پھر یہ سوچا کہ فیصل سے شادی ہی ان سب چیزوں سے فرار ہے، اس لیے شادی کر لی اور یہی فیصلہ میرے لیے ایک بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔

فیصل قریشی نے موجودہ اہلیہ ثناء کی پہلی شادی سے بھی قبل ان سے اپنی پہلی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے  کہا کہ میرے قریبی دوست کی شادی ثناء کی کزن سے ہوئی تھی، اس دوران ثناء مجھے اچھی لگیں اور میں نے ان سے بہانے سے نمبر مانگ لیا لیکن اس ملاقات میں ثناء نے مجھے اپنا نمبر تک نہیں دیا، اس کے بعد ثناء کی شادی ہوگئی اور پھر وہ چلی گئیں، جب میرے علم میں ان کی طلاق آئی تو میں نے ثناء کی خالہ کے ذریعے ایک بار پھر ان سے شادی کے لیے کوشش کی۔

فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ ثناء سے میری شادی بہت سادگی سے اور رمضان میں ہوئی تھی، میں ثناء کو ایک جوڑے میں اپنے ساتھ لایا تھا۔

واضح رہے کہ فیصل قریشی نے 2010 میں ثناء سے شادی کی تھی جن سے ان کے 2 بچے بڑی بیٹی آیت اور چھوٹا بیٹا فرمان قریشی بھی ہیں۔

فیصل قریشی کی پہلی شادی کم عمری میں ہوئی تھی جو طلاق پر ختم ہوئی، پہلی اہلیہ سے فیصل قریشی کی بیٹی ہانش قریشی ہیں جو شوبز میں قدم رکھ چکی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید