کراچی( اسٹاف رپورٹر)یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84انچ قطر کی مین لائن کا مرمتی کام پیر سے شروع کیا جائے گا جو اگلے72گھنٹوں تک جاری رہے گا واضح رہے۔لائن خالی کرنے کے لئے سپلائی ہفتے سے بند کر دی گئی تھی واٹر کارپوریشن انتظامیہ نے کہا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ بدھ کی شام تک شہر میں پانی کی فراہمی بحال کی جائے سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے اتوار کو یونیورسٹی روڈ پر پانی کی لائن کا دورہ کرکےمعائنہ کیا دورے کے دوران سی ای او واٹر کارپوریشن کو چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم نے مرمتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے متعلقہ افسران کو مرمتی کام جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام 24 گھنٹے جاری رکھا جائے تاکہ مقررہ وقت پر کام مکمل کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ مرمتی کام کے حوالے سے مجھے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جائے جبکہ کام میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی دورے کے موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہا ہے۔