اسلام آباد( تنویر ہاشمی )شوگر کی صنعت میں ٹیکس چوری کی ملی بھگت اور سہولت کاری میں ملوث ایف بی آر کے9افسران کو معطل کر دیاگیا ہے، یہ افسران ملک کی مختلف شوگر ملوں میں ٹیکس چوری کی سہولت کاری میں ملوث تھے ، آئی بی اور ایف بی آر کی انٹیلی جنس و انوسٹی گیشن ڈائر یکٹوریٹ نے ان افسران و اہلکاروں کی ایف بی آر کو رپورٹس دیں ، ذرائع کے مطابق آئی بی اور دیگر مختلف ذرائع سے موصولہ اطلاعات اور رپورٹ کی روشنی میں ایف بی آر نے 9 افسران کو معطل کیا ہے،ایف بی آر نے ملک بھر میں 10شوگر ملوں کے خلاف آپریشن کیا اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم اور ہوپر سلوشن کے بغیر چینی کی فروخت میں پانچ شوگر ملوں کی نشاندہی کی گئی ، ایف بی آر کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بعض شوگر ملز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی مہر کے بغیر چینی فروخت کر رہی ہیں ، ذرائع کے مطابق بعض شوگر مل کےپیداوار کے آپریشن کو بھی روکا گیا تاہم لاکھوں روپے کے جرمانے کے بعد ان شوگر ملوں کو پیداوار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ،ایف بی آر حکام کے مطابق بعض شوگر ملوں میں ٹیکس مہرکے بغیر چینی کے تھیلے مارکیٹ میں آرہے ہیں ، آئی بی اور انٹلی جنس انوسٹی گیشن کی ٹیمیں نگرانی کر رہی ہیں ، نگرانی کے نفاذ کے اقدامات کو پولیس اور رینجرز کی مدد بھی لی جارہی ہے ،ایف بی آر نے شوگر ملوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہے،پنجاب میں ، ایل ٹی او لاہور نے کیمرے نہ لگانے اور نیٹ ورک ویڈیو ریکارڈر کو ایف بی آر کے عملے کے حوالے نہ کرنے پر ایک بڑی شوگر مل کو سیل اور کیمرے لگانے اور دیگر قانونی تقاضوں کی تعمیل تک پروڈکشن روک دی گئی ،ایل ٹی او لاہور نے خوشاب میں واقع شوگر مل کے گوداموں کو سٹاک کی مکمل جانچ پڑتال کے لئے سیل کردیا ، تحقیقات کا عمل جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے پر قانونی کارروائی کی جائے گی ، فیصل آباد میں واقع ایک شوگر مل کے خلاف قانونی دفعات کی عدم تعمیل پر کارروائی متوقع ہے ، صوبہ سندھ میں ، ایک معمول کے معائنے کے دوران ، بڑے ٹیکس دہندگان کے دفتر (ایل ٹی او) کراچی سے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو (ڈی سی آئی آر) نے ضلع شہید بے نظیر آباد میں ایک شوگر مل میں ایک خفیہ چٹ (شوگر ملنگ کے عمل میں حتمی پیداواری نقطہ) دریافت کیا ، غیر اعلانیہ چٹ کو فوری طور پر سیل اور چٹ سے پیدا ہونے والی 1200 میٹرک ٹن چینی ضبط کر لی گئی ،مل پر سیلز ٹیکس کی واجب الادا رقم کے ساتھ 300فیصد جرمانہ کیا گیا جو مجموعی طور پر اڑھائی کروڑ روپے ہے، میر پورخاص ڈویژن میں ایک شوگر مل میں تعینات ایف بی آر کے اہلکاروں نے اطلاع دی کہ مل انتظامیہ نیٹ ورک ویڈیو ریکارڈر (این وی آر) کی تحویل ایف بی آر کے عملے کے حوالے کرنے میں ناکام رہی ہے ۔