اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چین اور پاکستان نےسی پیک کے فیز ٹو میں شراکت داری کے نئے دور کر آغاز کر دیا ہے اس حوالےسے بیجنگ میں دونوں ممالک کےماہرین کی تجارتی ، اقتصادی اور تکینکی معاملات پر اہم کانفرنسیں ہورہی ہیں اور یہ افواہیں دم توڑچکی ہیں کہ سی پیک کی رفتار کم ہو گئی ہے یا اگلے مرحلے کیلئے چین اور پاکستان کے درمیان معاملات آگے بڑھتے نہیں دکھائی دیتے، بیجنگ میں پاکستان کے27ماہرین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد کو مدعو کیا گیا ہے وفد چین کے ترقیاتی ماڈل کا جائزہ لے گا اور باہمی منصوبوں پر کام کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائے گا، وزارت منصوبہ بندی کے مطابق تکنیکی تعاون اور پاکستانی ماہرین و اعلیٰ عہدیداروں کے حوالے سے بیجنگ میں آج(پیر) سے شروع ہونےوالی اہم سرگرمیاں اور حالیہ پیشرفت اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ منصوبے کو ایک نئے جذبے اور سٹریٹجک سمت کیساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے، سی پیک فیز ٹو کے تحت تکنیکی تعاون، جدید انفراسٹرکچراور سماجی و اقتصادی منصوبوں کی ایک نئی راہ ہموار کریگا،وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چین میں ہونیوالے اہم اجلاسوں اور تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں جن میں بیجنگ میں سی پیک فیز ٹو کے اعلیٰ سطح سیمینار اور تیسرے فورم برائے چائناانڈین اوشن ریجن ڈویلپمنٹ کوآپریشن شامل ہیں۔