ملتان(سٹاف رپورٹر)میپکوریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ڈی جی خان اوروہاڑی میں رینجرز/پولیس فورسز کے ہمراہ جوائنٹ آپریشن میں 23بجلی چوروں کو موقع سے گرفتار کرلیاگیا۔ 73افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔7بستیوں کے ٹرانسفارمرز اور 17میٹرز اُتارلئے گئے۔ نادہندگان سے ایک کروڑروپے سے زائد واجبات وصول کر لئے گئے۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوڈی جی خان سرکل ملک خورشیداحمد، ونگ کمانڈر رینجرز، ایکسین ڈی جی خان ڈویژن عزیزالرحمن اور ایس ڈی او غازی سب ڈویژن شہبازاحمد کی سربراہی میں میپکو ٹیموں نے رینجرز اور پولیس فورس کے ہمراہ 11KVچاہ بری والا فیڈرکی بستی باجھی والا، یارو والا اور موضع عمرانی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا۔ بستی باجھی والا میں 17افراد کو ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور 4بجلی چوروں کو موقع سے گرفتارکروایاجبکہ دیہی علاقہ یارووالا میں 55صارفین کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور 8بجلی چوروں کو موقع سے گرفتارکروادیا۔ موضع عمرانی سمیت دونوں بستیوں میں بجلی چوری کے سدباب کے لئے ٹرانسفارمرز اور چوری میں استعمال ہونے والی تاریں اُتارکر قبضہ میں لے لیں۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو وہاڑی سرکل وسیم اختر اور ونگ کمانڈر رینجرز کی زیرنگرانی ایکسین وہاڑی ڈویژن رانا محمد تنویر اور ایس ڈی او لڈن سب ڈویژن محمد بلال کی سربراہی میں رینجرز/پولیس فورس/ایلیٹ فورس نے میپکو ٹیموں کے ہمراہ نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ موضع احمد آباد، موضع تاجوانہ، موضع میر بلوچ، موضع لاکھا اور موضع کوٹ غلام میں واجبات /بقایاجات کی مدمیں نادہندگان سے ایک کروڑروپے سے زائد واجبات وصول کئے گئے جبکہ 11نادہندگان کو موقع سے گرفتار کرکے حوالات میں بھیجاگیا۔عدم ادائیگی پر17سنگل فیز میٹرز، 3ٹرانسفارمرز اور ایل ٹی لائنیں اُتارکر قبضہ میں لے لیں۔