نوجوان حسیناؤں کے دلوں پر راج کرنے والے پاکستانی معروف اداکار و فلمساز شہریار منور اور ان کی ہونے والی دلہنیا اداکارہ ماہین صدیقی کے اپنی ڈھولکی پر ڈیزائنر کے جوڑوں کا انتخاب کرنے کی تفصیل سامنے آگئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اپنی ڈھولکی کی مختلف تصاویر شیئر کی ہیں۔
اداکار نے انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں شادی کے سلسلے میں منعقد پہلی تقریب ڈھولکی میں شرکت کرنے پر ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاصم رضا اور اداکارہ ماہرہ خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس کے ساتھ ہی اپنے دیگر دوست احباب اور اہلِ خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی تقریب کو چار چاند لگائے، ڈھولکی کی تقریب میں اپنی آواز کا جادو چلا کر سماں باندھنے والے موسیقار جمی خان کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں اس فنکار جوڑی کو خوبصورت رنگوں کے امتزاج کے لباس میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے بھی شہریار منور نے کسانی کراچی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ حنا اور حانی کا شکریہ جنہوں نے ہم دونوں (شہریار منور اور ماہین صدیقی) کے لیے اتنے خوبصورت لباس ڈیزائن کئے۔