وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔
قاہرہ میں ڈی ایٹ ممالک کے 11ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی، خطے اور دنیا کے امن کے لیے اہم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نوجوان معاشی ترقی کے کلیدی محرک ہیں، نوجوان توانائی، نئے خیالات اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز ملازمتیں پیدا کرنے کے ساتھ مقامی کاروبار کو فروغ دیتے ہیں، ڈی ایٹ ممالک کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ سربراہی اجلاس کا موضوع 21ویں صدی میں ہماری اجتماعی خوشحالی کا واضح خاکہ ہے، پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے فلیگ شپ یوتھ پروگرام کے ذریعے معیاری تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے، 2013ء سے اب تک اس پروگرام کے ذریعے لائق اور قابل طالب علموں میں 6 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ہزاروں اسکالرشپس دی گئی ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاکھوں نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس، اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے فنی تربیت فراہم کی گئی ہے، پاکستان دنیا کی سب سے بڑی فری لانسر کی کمیونٹیز میں سے ایک ہے۔