گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی میں مسلسل ٹریفک حادثات ہورہے ہیں، یہ شہر لاوارث نہیں، اگر ڈمپر نہیں رکے تو گورنر ان ڈمپروں کے سامنے ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ شہر کے مسائل پر آواز اٹھائیں گے اور ہر ایک کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ 24 دسمبر کو مہاجر کلچرل ڈے گورنر ہاؤس میں منایا جائے گا، ہم نے ہر قوم کی ثقافت کو گورنر ہاؤس میں اہمیت دی، تین بار سندھی اجرک ڈے پر ثقافت کے رنگوں کو یہاں سجایا، گلگت بلتستان یا کسی بھی مذہب اور کمیونٹی کا تہوار ہو ہم نے اسے گورنر ہاؤس میں منایا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہیلو کراچی ڈاٹ کام ویب لانچ کررہے ہیں، تقریب میں شرکت کے خواہشمند اس ویب پر اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں، اس دن قرعہ اندازی کروائی جائے گی اور انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میں شہر کے تمام مسائل پر آواز اٹھاؤں گا، کروڑوں روپے کی ادویات لے کر پاراچنار جا رہا ہوں۔