• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس: 6 پولیس افسران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ڈاکٹر شاہنواز : فوٹو فائل
ڈاکٹر شاہنواز : فوٹو فائل

میرپورخاص کی انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت نے ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس میں 6 پولیس افسران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو پولیس افسران کو گرفتار کرکے 8 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سابق ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سمیت 6 پولیس افسران و اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایف آئی اے نے ڈاکٹر شاہنواز کی قبر کشائی کرنے والے میڈیکل بورڈ کے 5 ارکان کا تحریری بیان لیا، اسپیشل میڈیکل بورڈ کے رکن پروفیسر ڈاکٹر وحید علی نے بیان میں تشدد کی تصدیق کی۔

پروفیسر ڈاکٹر وحید  نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر شاہنواز کی 5 پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کو 19 ستمبر کی رات جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔

میرپور خاص میں توہین مذہب کے الزام میں گرفتار ڈاکٹر کی پولیس مقابلے میں ہلاکت اور اس کے بعد کے واقعات کی تحقیقات کیلئے سندھ حکومت نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی۔

ڈاکٹر شاہنواز کے ماورائے عدالت قتل سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عمرکوٹ پولیس نے ڈاکٹر شاہنواز کو گرفتار کرکے میرپور خاص پولیس کےحوالے کیا، میرپور خاص پولیس نے ڈاکٹر شاہنواز کو قتل کیا، مقابلہ کا نام دینے کی کوشش کی، اس واقعہ نے سندھ پولیس کے امیج کو خراب کیا۔

قومی خبریں سے مزید