پاکستان کے مشہور ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کو فلسطینی رومال کی طرز پر پینٹس بنانا مہنگا پڑ گیا۔
حسن شہریار یاسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہیں اس ویڈیو میں فلسطینی مزاحمت کی علامت بننے والا رومال ’کوفیہ‘ کی طرز کی پینٹ پہنے گارڈن میں ٹہلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حسن شہریار یاسین کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر ملے جلے سے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
کچھ صارفین ڈیزائنر کی تخلیقی صلاحیت کی تعریفیں کر رہے ہیں لیکن زیادہ تر صارفین ان کی ڈیزائن کی ہوئی اس پینٹ سے زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔
حسن شہریار یاسین کی ڈیزائن کی ہوئی اس پینٹ پر تنقید کرنے والے صارفین کا کہنا ہے کہ عرب کے لوگ اس رومال سے اپنے سر یا کندھوں کو ڈھانپتے ہیں اس لیے ڈیزائنر کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں کی تہذیب اور ثقافت کا احترام کرنا چاہیے۔