• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہتے ہیں کہ چاہے آپ پانچ ہزار مربع فٹ اپارٹمنٹ کے مالک ہوں لیکن آپ رہتے عملی طور پر پانچ سو مربع فٹ پر ہیں۔ یہی وہ بات ہے، جہاں اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی اہمیت اور افادیت بڑھ جاتی ہے کیوں کہ اسٹوڈیو اپارٹمنٹ بھی کم و بیش اتنے مربع فٹ پر مشتمل ہوتا ہے اور اگر آپ نے انتہائی لگژری اسٹوڈیو اپارٹمنٹ لے لیا تو وہ زیادہ سے زیادہ ہزار مربع فٹ کے آس پاس ہوگا۔

مزید برآں، ایک اور چیز جس نے ہماری رہن سہن پر اثر ڈالا ہے، وہ ٹیکنالوجی ہے۔ ٹیکنالوجی کی وجہ سے اب ہر چیزخواہ وہ ٹی وی ہو یا کمپیوٹر یا کوئی بھی اپلائنسز، سب ہی اب کم جگہ گھیرتے ہیں۔ اس لیے ہائی ٹیک اور ماحول دوست نئی نسل اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کو ترجیح دے رہی ہے۔

شاید ان کا مطمح نظر ہو کہ گھر جاکر سونا ہی تو ہےتو کیوں نہ بڑے بڑے لگژری گھر میں رہنے کے بجائے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں رہائش اختیار کرکے کفایت شعاری اپنائی جائے۔

اگر آپ ایک طالبعلم ہیں یا دوسرے شہر میں ملازمت کی غرض سے تنہا رہ رہے ہیں یا پھر آپ ایک نیا شادی شدہ جوڑا ہیں، جو اپنی زندگی کی شروعات کفایت شعاری سے کرنا چاہتاہے تو آپ کو چاہئے کہ اسٹوڈیو اپارٹمنٹ حاصل کرنے سے پہلے چھ سات اسٹوڈیو اپارٹمنٹس دیکھ لیں۔ 

یہ سارے اسٹوڈیو اپارٹمنٹس دیکھنے بعد آپ کو ان میں جو جو چیزیں اچھی لگیں ان کو نوٹ کرلیں، جو پسند نہ آئیں ان کو بھی نوٹ کرلیں اور انہیں اپنے متوقع اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا تہیہ کرلیں۔ 

اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی بس یہی ایک خامی ہے کہ اس میں جگہ بہت کم ہوتی ہے اور آپ کو ایک ایک انچ دیکھ بھال کر استعمال کرنا ہوتا ہے۔ اگر آپ کا اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں قیام پذیر ہونے کا ارادہ ہے تو آپ کو ذیل میں بتائے گئے کچھ اقدامات کرنے ہوں گے۔

کمرہ کیسے سجائیں

کمرے میں سیپریشن آپ پردوں سے بھی کرسکتے ہیں یا ایسا بیڈ بھی لگا سکتے ہیں جس کے نیچے اسٹوریج کی سہولت موجود ہو، جیسے کہ بیم ڈیوائڈر بیڈز ہوتے ہیں، ان میں ہُک اور شیلف بھی لگے ہوتے ہیں۔ ایک عمدہ بیڈ روم آپ کے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کو بڑا بھی دکھا سکتاہے اور آپ کی پرائیویسی کو بھی برقرار رکھ سکتا ہے۔

کثیرالمقاصد فرنیچر کی خریداری 

فرنیچر کی ایک سے زائد استعمال والی خصوصیات کی وجہ سے آپ کو اپنے اسٹوڈیو میں زیادہ جگہ دستیاب ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر ڈائننگ ٹیبل کےساتھ پتلی کرسیاں، آپ کو ڈائننگ ٹیبل کے ساتھ ساتھ رائٹنگ ٹیبل کی سہولت بھی فراہم کرسکتی ہیں۔

سامان رکھنے کے لیے عمودی جگہ

دیواروں پر لگے شیلف تو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کے لیے آئیڈیل ہیں کیونکہ یہ زیادہ جگہ نہیں گھیرتے۔ ان شیلفس میں آ پ کتابیں، میگزین، ڈیکوریشن پیس، فوٹو البمز، دستاویزات اور چھوٹا موٹا سامان رکھ سکتے ہیں۔

بیٹھنے کی جگہ

ایک بڑے لائونج پر مشتمل اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں ایک اور کمرہ یا لیونگ روم بنانا اچھوتا خیال تو ہوسکتاہے لیکن اس کے لیے آپ کو بہت سوچ بچار کرنی پڑے گی اور دانشمندانہ طریقے سے اسے سیٹ کرنا پڑے گا۔

آپ دیوار کے ساتھ چھوٹے صوفے رکھ کر ان کے آگے سیپریٹرز ڈال سکتے ہیں۔ یہ سٹنگ ایریا آپ کو اخبار اور کتاب کے مطالعہ کے ساتھ موسیقی سے لطف اندوز ہونے میں مدد دے گا یا پھر آپ یہاں تنہائی میں اپنے فرصت کے لمحات بھی گزار سکتے ہیں۔

بیٹھنے کا انتظام کرنا

یہ بات بھی ٹھیک ہے کہ جہاں صوفے ہوں وہ لیونگ ایریا یا سٹنگ ایریا بن جاتاہے۔ اگر آپ کے صوفے حرکت کرنے والے ہیں تو آپ اپنی ضرورت کے مطابق انھیں کہیں بھی ایڈجسٹ کرسکتے ہیں یاجب چاہیں ان کی جگہ بدل سکتے ہیں۔ صوفہ کم بیڈ تو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کے لیے آئیڈیل ہے۔

فرنیچر کا انتخاب دیکھ بھال کر کرنا 

آپ جو الماریاں خریدیں اگر وہ اونچی ہوں گی تو ان میں ساما ن رکھنے کی گنجائش زیادہ ہوگی اور الماری اگر چھت تک جارہی ہوگی تو یہ اور بھی فائدے مند رہے گی۔ اسی طرح بیڈ اگر اونچے ہوں گے تو ان کے نیچے کافی سامان آسکتاہے۔ بنک بیڈ یا پلیٹ فارم بیڈ کی تلاش کیجئے، اسٹوریج کے حوالے سے آپ کابہت بڑا مسئلہ حل ہوجائےگا۔

کتابیں رکھنے کی دراز

اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں ایک بُک کیس، ڈیوائیڈر کا کام بھی کرسکتا ہے اور آپ کے اپارٹمنٹ کی دلکشی بھی بڑھا سکتاہے۔ بُک کیس میں آپ اپنی پسندیدہ کتابوں کا ذخیرہ رکھ سکتے ہیں، جن کو نکال کر مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔

حرفِ آخر

آج کل منیملزم کا زمانہ ہے تو اسی طرز پر چلتے ہوئے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں کم سے کم سامان رکھیں تاکہ انہیں ادھر سے ادھر حرکت دینے میں آسانی ہو اور آپ کو سامان کی ترتیب اور صفائی وغیرہ کے لیے زیادہ مشکلات پیش نہ آئیں۔ 

وہ چیزیں رکھیں جو رنگین ہوں، زندگی کا احساس دلاتی ہوں اور طبیعت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہوں۔ مثال کے طور پر نایاب اور منفرد اشیا جیسے کہ گلدان، میز پر نایاب اشیا، بیٹھنے کے لیےدلکش بین بیگس، کاؤچز یا روکنگ چیئرزیا پھر رنگین دلکش پردے۔

اگر آپ نے ان تجاویز کے مطابق اپنا اسٹوڈیو اپارٹمنٹ ترتیب دے دیا تو آپ کو چھوٹی سی جگہ بھی بڑی محسو س ہوگی اور آپ کی ایسے اپارٹمنٹ میں خوب گزرے گی۔