خوبصورت گھر کی تعمیر مکینوں کے مزاج پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ گھر کے دو حصے ایسے ہوتے ہیں جہاں آپ مکمل طور پر پرائیویسی چاہتے ہیں، ایک آپ کا بیڈ روم اور دوسرا باتھ روم۔ مکان کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران باتھ روم کے لیے مختلف ڈیزائن پر غور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ گھر کے احساس میں بڑا فرق لا سکتا ہے۔
جدید گھروں کی تعمیر میں ہر کمرے اور ضرورت کی جگہوں پر باتھ روم تعمیر کروایا جاتا ہے۔ لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ جدید تقاضوں اور رجحانات سے ہم آہنگ باتھ روم کی تعمیر بہت کم ہی دیکھنے میں آتی ہے۔
چھوٹے سے چھوٹا باتھ روم بھی اگر شاندار طرز پر سجا وٹ کے ساتھ تعمیر کے خاص اصولوں کے ساتھ تیار کروایا گیا ہو تو بڑے اور بے ترتیب باتھ روم سے کئی گنا زیادہ بہتر لگتاہے۔
تاہم، نئی شکل اور رنگوں کا انتخاب ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، مگر آپ کو کہیں سے تو شروع کرنا ہوگا۔ اگر آپ نہیں جانتے کہ کس قسم کا ڈیزائن اور رنگ منتخب کیے جائیں تو ذیل میں بتائے گئے آئیڈیاز آپ کے لیے آسانی مہیا کریں گے۔
کلاسک سفید باتھ روم
باتھ روم ڈیزائن میں سفید کلر اسکیم کو ہمیشہ سے ہی پسندیدگی کی سند حاصل رہی ہے۔ یہ ایک سادہ اور نفیس رنگ ہے، جس کے ٹائلز اور دوسرا سینٹری سامان بآسانی بازار میں دستیاب ہے۔
تاہم، سفید ٹائلز کے ساتھ چینی کا سامان بھی چنا جاسکتا ہے جو سفید رنگ میں مزید نفاست اور جدت لاتا ہے۔ سفید رنگ چھوٹے باتھ روم کو بھی کشادہ دکھا تا ہے۔ سفید باتھ ٹب، بیسن، شیلفس، الماریوں، کھڑکیوں وغیرہ سے مزین باتھ روم خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوتا ہے۔
سفید اور نیلے رنگ کا امتزاج
سنگِ مرمر اور خوبصورت ٹائلز کے استعمال کے بغیر باتھ روم ادھورا اور نامکمل تصور کیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ باتھ روم کی تعمیر میں دونوں ہی بنیادی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔ سنگِ مرمرکے قدرتی رنگ ہوں یا مصنوعی، ایک مسحور کن ماحول تخلیق کرنے میں کافی مددگار ہوتے ہیں۔ اور اگر آپ باتھ ٹائلز کمبی نیشن کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو سفید اور نیلے رنگ کا امتزاج ان دنوں باتھ روم ٹرینڈز میں کافی اِن ہے۔
سفید اور نیلے رنگ میں ایک خاص نفاست اور چاشنی چھپی ہوتی ہے، جس کے ذریعے آپ کے باتھ روم میں خوبصورت اور دلکش ماحول پروان چڑھتا ہے۔ اس ٹرینڈ میں یا تو سفید اور نیلے پرنٹڈ ٹائلز یا سفید دھاری دار نیلے رنگ کا امتزاج آپ کے باتھ روم میں ایک نیاماحول تخلیق کرنے میں مددگا رثابت ہوگا۔
گرین فلورل باتھ روم
کہتے ہیں سبز رنگ بوجھل طبیعت کو پرسکون اور آنکھوں کی ٹھنڈک کا باعث بنتا ہے۔ ہلکا سبز رنگ آپ کے باتھ روم کو پُر مسرت بنانے کے لئے بہترین ہے۔ اس رنگ کے ساتھ پھولوں کے خاکے یا تصاویر والی باتھ روم اسکیم آپ کو ایک پرسکون ماحول فراہم کرے گی۔
فلورل باتھ روم اسکیم میں کسی ایک یا سب دیواروں پرفلورل وال پیپر یا فلورل ٹائلز کا انتخاب کیجیے، فلورل وال کے ساتھ باتھ ٹب اور واش بیسن کے لیے سفید رنگ بہترین انتخاب ہے۔
سفید اور سنہری کلر اسکیم
سفید اور نیلی کلر اسکیم کی طرح باتھ روم کے لیے سفید اور سنہری کلر اسکیم بھی ایک منفرد انداز ہے۔ اگر آپ باتھ روم کی تعمیر کچھ نئے ٹرینڈ کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں تو اس میں سنہرے رنگوں کا اضافہ کیجیے۔ یہ چمکیلا رنگ سفید کے ساتھ مل کر باتھ روم کو شاہانہ انداز فراہم کرے گا۔
اس مقصد کے لیے دیوار، درمیان یا اوپر کی جانب گولڈلیف ماربل لگائے جاسکتے ہیں۔ ماہرین باتھ روم کی تعمیر کے دوران ماڈرن ٹچ کے لیے شیشے (باتھ مرر) کے لیے سنہرے فریم، دیوار کے لیے سنہری کلر اسکیم اور تو اور باتھ روم میں لگائے جانے والے نلوں کے لیے بھی سنہرے رنگ کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔
سفید اور سیاہ کلراسکیم
باتھ روم کی تعمیر کے لیے سفید اور سیاہ رنگوں کے امتزاج کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ماہرین کے مطابق سفید اور سیاہ رنگوں والا باتھ روم سادہ اور نفیس تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بجٹ فرینڈلی بھی ہوتا ہے کیونکہ ان رنگوں کی چیزیں بآسانی اور نسبتاً کم قیمت میں دستیاب ہوتی ہیں۔
اس کلر اسکیم کے تحت آپ باتھ روم کے فرش کے لیے سفید اور سیاہ ڈاٹس والے ٹائلز جبکہ شیشے کے لیے لکڑی کے فریم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ باتھ روم کی دیواروں پر لگنے والے ٹائلز کے لیے سیاہ یا سفید رنگوں میں سے کسی کا بھی انتخاب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ تاہم، سفید رنگ نفیس اور جدید نظر آتا ہے، جو باتھ روم میں کشادگی کا احساس پیدا کرتا ہے۔
نیلا رنگ اور لکڑی کا استعمال
باتھ روم کی دیواروں پر گہرا نیلا رنگ ایک پرسکون تاثر چھوڑتا ہے۔ فرش کے لیے ہلکے رنگ کی لکڑی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، ان دنوں وینائل اور لکڑی سے مماثلت والی ٹائلیں بھی دستیاب ہیں جو باتھ روم میں خوبصورتی کا احساس دیتی ہیں۔ اس تھیم کے تحت شیلفس، واش بیسن کاؤنٹر اور فریمز کوگہرے رنگ کی لکڑی سے بنوائیں جبکہ سرامک کے سامان کے لیے نیلا رنگ دیدہ زیب لگتا ہے۔
شوخ رنگوں کی اسکیم
شوخ رنگوں کا حامل باتھ روم منفرد انداز فراہم کرتا ہے۔ اس کلر اسکیم کے تحت باتھ روم کی دیواروں کو شوخ رنگوں والے وال پیپر سے سجائیں۔ اس کے ساتھ ہلکے رنگوں والا سینٹری سامان نصب کریں۔ شوخ اور ہلکے رنگوں کے امتزاج والی یہ کلر اسکیم جداگانہ انداز فراہم کرے گی۔