• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسیحی کمیونٹی کو خود کفیل بنانے کا کام جاری رکھا جائے گا، صبیح المسیح

لیسٹر (پ ر) دی لائٹ آف دی نیشن ٹرسٹ نے اپنی دسویں سالگرہ کے موقع پر سماجی خدمات کی شاندار تاریخ کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر سماجی رہنما صبیح المسیح نے مسز نرگس اظہر کو مبارکباد پیش کی اور ان کی قابلِ قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صبیح المسیح نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسز نرگس اظہر 2019سے اس ٹرسٹ کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور انہوں نے تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسز نرگس اظہر کے ساتھ مل کر ٹرسٹ لوگوں کی خدمت جاری رکھے گا اور مسیحی کمیونٹی کو خود کفیل بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔ دی لائٹ آف دی نیشن ٹرسٹ کی یہ کاوشیں نہ صرف انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہیں بلکہ ایک مضبوط اور خودمختار معاشرے کی تشکیل کی طرف ایک مثبت قدم ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر خواتین اور نوجوان لڑکیوں کی مہارتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سلائی سینٹرز میں خواتین کو ہنر سکھانے اور کمپیوٹر سینٹرز میں نوجوان لڑکیوں کو جدید تعلیم دینے کے ذریعے کئی افراد کو معاشی طور پر خود مختار بنایا گیا ہے۔ صبیح المسیح نے بتایا کہ مسز نرگس اظہر کی انتھک محنت کی بدولت کمپیوٹر کی تعلیم حاصل کرنے والی کئی بچیاں اب مختلف شعبہ جات میں برسرِ روزگار ہیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں۔ دی لائٹ آف دی نیشن ٹرسٹ کی ایک اور نمایاں کامیابی دیگر اداروں کے اشتراک سے بھٹہ مزدوروں کے 14 خاندانوں کو ان کے قرض سے نجات دلانا ہے۔ ان خاندانوں کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے رکشے اور دیگر ذرائع فراہم کیے گئے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ ٹرسٹ کی کوششوں کے نتیجے میں تقریباً 66 بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کی گئی، جن میں زیادہ تر لڑکیاں شامل تھیں، جو اب مختلف شعبوں میں خود کفیل ہو چکی ہیں۔
یورپ سے سے مزید