مانچسٹر(نمائندہ جنگ)قومی ائر لائن پی آئی اے کی یورپ اوربالخصوص برطانیہ کے لئے پروازوں کی بحالی سے نہ صرف تارکین وطن کے قیمتی سرمایہ کی بچت ہوگی بلکہ پاکستانی معیشت بھی مضبوط ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی شخصیت افتخار احمد چیمہ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا .افتخار احمد چیمہ نے کہا کہ پی آئی اے پر پابندی کے باعث برطانیہ اوریورپی ممالک سے پاکستان آنیوالے تارکین گزشتہ کئی سال سے غیر ملکی ائیر لائنز کے ہاتھوںلٹنے پر مجبورہیں غیر ملکی ائیر لائنز نے پی آئی اے کی بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی سفر کیلئے کرایہ جات میں کئی گنا اضافہ کیا جس سے اوورسیز پاکستانیوں کا انتہائی مشکل حالات کا سامنا کرناپڑا ۔پی آئی اے کی یورپی ممالک اوربرطانیہ کیلئے پروازوں کی بحالی انتہائی خوش آئند ہے۔ پر امید ہیں کہ جلد قومی پرچم سے مزین ائیر لائن پی آئی اے کے جہاز یورپی فضائوں میں نظر آئیں گے انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاںمحمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ دنیا کے مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش بنیادی مسائل حل کرانے میں آسانی ہو۔