لندن (جنگ نیوز) پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز جیت کر پاکستانیوں کے دل بھی جیت لیے ہیں۔پاکستان نے سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔سماجی شخصیت شیخ سربلند نے کہا ہے کہ حالیہ میچ میں کامران غلام اور شاہین آفریدی نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ انتہائی قابل تعریف تھی اور توقع ہے کہ کھلاڑی اس کارکردگی کا تسلسل چیمپئنز ٹرافی میں بھی برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملنے پر نئے کھلاڑی جس کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، سلیکشن کمیٹی کو بھی چاہیے کہ وہ نئے لڑکوں کو موقع دیتی رہی۔ شیخ سربلند نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو سخت موقف اختیار کیا تھا، اس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا ہے اور اس میں محسن نقوی کا فہم بھی شامل ہے۔ اب برابری کی سطح پر معاملہ آگیا ہے اور پاکستان اور بھارت کے میچز نیوٹرل مقامات پر کرانا پاکستان موقف کی جیت ہے۔