پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین اور اسپنر سفیان مقیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ون ڈے میچ میں اپنی کامیاب بولنگ کے بارے میں بتادیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کی ایک دوسرے سے بات چیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی۔
اس دوران سفیان مقیم کا کہنا تھا کہ کپتان رضوان مجھے بار بار دیکھ رہے تھے اور بیک کر رہے تھے، ہر بال کے بعد کپتان مجھے تیار رہنے کا کہہ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کپتان نے جب اوور دیا تو مجھے کامیابی ملی اور پاکستان کو فتح ملی۔ میں اپنی باری کا انتظار کر رہا تھا۔
سفیان مقیم کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی، صائم اور بابر نے عمدہ اننگز کھیلی۔
فاسٹ بولر محمد حسنین نے کہا کہ عاقب جاوید نے جو بتایا اس پر عمل کیا۔ ٹریننگ کے دوران عاقب جاوید سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔
جنوبی افریقہ کے اہم کھلاڑی رسی ویندر ڈاؤسن کی وکٹ پر بات کرتے ہوئے حسنین کا کہنا تھا کہ ڈاؤسن کو پہلے نارمل بال کرنے کا ارادہ تھا لیکن پھر یارکر کا پلان کیا۔