شام پر باغیوں کے قبضے اور بشارالاسد کے ملک کے فرار کے 16 روز بعد ملک کے بڑے دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت بحال ہوگئی ہے تاہم شیڈول آپریشن کی بحالی کا باقاعدہ افتتاح جلد ہوگا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ سے قطر ایئر کی خصوصی پرواز کیو ار 3250 نے پہلی بین الاقوامی پرواز کے طور پر پیر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی لینڈنگ کی۔
اس سے قبل ایک ایک اندرون ملک پرواز آر بی 112 دمشق سے شام کے دوسرے بڑے شہر حلب کیلئے آپریٹ کی گئی جس میں 32 مسافروں نے حلب کا سفر کیا۔
8 دسمبر 2024 کو باغیوں کے دمشق پر قبضے کے دوران سابق صدر بشار الاسد کے فرار کے بعد دمشق ہوائی اڈے کو بند کردیا گیا تھا۔
شام میں حکومتی تبدیلی کے دوران کشیدگی کی وجہ سے شام کی فضائی حدود بھی بند کر دی گئی تھی۔ شام کی نئی عبوری حکومت نے 15 دسمبر کو شامی فضائی حدود پروازوں کےلیے کھول دی تھی۔
شامی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ شام کے دو بڑے ایئرپورٹس دمشق اور حلب کیلئے شیڈول پروازوں کو جلد بحال کیا جارہا ہے۔