ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دیا گیا ہے۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سیزفائر کی مدت کے دوران تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کمرشل شپنگ کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی، جنگ بندی کے دوران جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔
ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی پورٹ اور میر ی ٹائم آرگنائزیشن کے طے کردہ راستوں سے گزرنا ہوگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی وزیر خارجہ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایران کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کے حصول میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے ثالثی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا تھا، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک 10 روزہ سیزفائر پر متفق ہوگئے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت گفتگو ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے امن کے لیے باضابطہ طور پر امریکی وقت کے مطابق شام 5 بجے 10 روزہ جنگ بندی شروع کرنے پر اتفاق کیا۔