امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران کا شکریہ ادا کردیا۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز مکمل کھولنے کا اعلان کردیا ہے، آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے، کاروبار اور آمد و رفت کے لیے تیار ہے، جب تک ایران کے ساتھ 100فیصد معاہدہ نہیں ہوتا بحری ناکا بندی برقرار رہے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ زیادہ تر نکات پر پہلے ہی بات چیت ہو چکی ہے، امریکا ایران کا افزودہ یورینیم حاصل کرے گا، کسی قسم کی مالی ادائیگی نہیں ہوگی، یہ معاہدہ لبنان سے متعلق نہیں، امریکا الگ سے لبنان کے ساتھ کام کرے گا، امریکا حزب اللّٰہ کے معاملے کو مناسب طریقے سے حل کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل اب لبنان پر مزید بمباری نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بحال کردی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر کھلا قرار دیا گیا ہے۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز سیزفائر کی مدت کے دوران تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کمرشل شپنگ کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی، جنگ بندی کے دوران جہازوں کی آمد و رفت جاری رہے گی۔
ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی پورٹ اور میر ی ٹائم آرگنائزیشن کے طے کردہ راستوں سے گزرنا ہوگا۔