لوٹن (نمائندہ جنگ) میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ کے چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان نے پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ لارڈ قربان حسین کی جانب سے آزاد کشمیرمیں انفراسٹرکچر بڑھانے کے اقدامات بشمول میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ کا دیرینہ مطالبہ اٹھانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ میرپور آزاد کشمیر کے اوورسیز باشندے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے زرمبادلہ فراہم کرتے ہیں، ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ اہم اقتصادی حب کے طور پر کام کر سکتا ہے جس سے میرپور اور کوٹلی کے باشندوں کو سفر کی سہولیات مل سکتی ہیں، اس تناظر میں لارڈ قربان حسین کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔