لندن (پ ر) عوامی ورکرز پارٹی نے پاکستان کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت کی سختی کے ساتھ مذمت کرتے ہوئے کہا ہے 21ویں صدی نو آبادیاتی نظام کے خاتمے اور ایک آزاد دنیا کے ظہور میں آنے کی صدی ہے۔ نئی صدی میں کسی بڑی طاقت کی ’’عالمی بالا دستی‘‘ کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ عوامی ورکرز پارٹی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے پارٹی نے سامراج مخالف موقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اندرون ملک تنازعات اور اختلافات کچھ بھی ہوں، کسی بیرونی قوت کو اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی آزادی اور خود مختاری پر حملے کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ عوامی ورکرز پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکمرانوں کی بے حسی اور قومی معاملات سے افسوسناک لاتعلقی کے باوجود عوامی ورکرز پارٹی کے کارکن پاکستان اور اس کی عوام کی امنگوں کی مطابق اپنی دفاع کی حمایت کرتے رہیں گے۔ ہم امریکی سامراج کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کے وساٰئل کی لوٹ، مسلط کردہ جنگوں اور ان ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور بالادست طبقات کی مدد سے کنٹرول کرنے کی سازشوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔