پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے اس کے دفاع کو مضبوط اور مستحکم بناتے ہوئے ملکی تعمیر کو ترقی کے راستہ پر گامزن کیا، پیرس تا اسلام آباد قومی ایئر لائین کی سروس بحالی ہو گئی۔
قائدِ اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کی جانب سے ان کا کیک کاٹ کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ن لیگ کی مرکزی حکومت، وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے پیرس سے اسلام آباد قومی ایئر لائین پی آئی اے کی سروس بحالی میں اہم کردار سر انجام دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے سرپرست چوہدری ریاض بھاپا، صدر میاں محمد حنیف، جنرل سیکریٹری رانا محمود علی، یوتھ صدر خان اصغر خان، نوجوان رہنما تصور حسین تارڑ، سید خالد جمال، چوہدری تاج دین سکھیرا محترمہ سلطانہ اور دیگر عہدے داران نے تقریب میں شرکت کی۔