برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) پاکستان میں یورپین یونین کے دفتر نے پاکستانی شہریوں کو ویزوں، ویزوں کیلئے جعلی اپوائنٹمنٹس کے علاوہ ان سے متعلق ایک نئی فریب کاری سے خبردار کیا ہے۔ اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر جاری کردہ پیغام میں یورپین یونین کے دفتر نے بتایا کہ ʼ اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفارتی مشنز نے گوگل میپس میں رکن ممالک کے سفارت خانوں کے لیے جعلی اندراجات دیکھے ہیں۔ جن میں ویزا اور قونصلر اپوائنٹمنٹ کے بارے میں گمراہ کن معلومات بشمول جعلی ٹیلی فون نمبر کے شامل ہیںʼ۔ انہوں نے قرار دیا کہ ʼ یہ مجرمانہ تنظیموں کی طرف سے ایک سنگین فریب کاری ہےʼ۔ یورپین دفتر نے پاکستانی شہریوں کو مطلع کرتے ہوئے مزید آگاہ کیا کہ ʼیورپی یونین کا دفتر اس بات پر زور دینا چاہے گا کہ صرف یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفارت خانوں کی ویب سائٹس ہی متعلقہ ممالک کے تمام ویزا اور قونصلر مسائل کے لیے مستند معلومات اور رابطے کا ڈیٹا فراہم کرتی ہیں، نہ کہ گوگل میپس یا سفارت خانے کی دیگر ڈائریکٹریوں میں درج اندراجاتʼ۔ اس لیے ضروری ہے کہ لوگ ان حوالوں سے کسی بھی طرح کی معلومات کے حصول کیلئے صرف سفارت خانوں کی ویب سائٹس کا ہی رخ کریں۔