ویانا(اکرم باجوہ) پاکستان انجمن فیملیز آسٹریا کے صدر الحاج شیخ وحید احمد کی جانب سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 148ویں سالگرہ کے موقع پر ویانا کے مقامی ریسٹورنٹ میں ایک پروقار اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف اہم شخصیات پاکستان انجمن فیملیز آسٹریا کے صدر الحاج شیخ وحید احمد ،پاک آسٹرین ایسوسی ایشن کے صدر حاجی چوہدری قمر حسین ، حاجی بابر فہیم خان،محمد محسن بلوچ،محمد وسیم،حاجی غلام اظہر ، افتخار احمد ، طارق عمر، اعظم خان و دیگر نے شرکت کی۔ الحاج شیخ وحید احمد کے ساتھ مل کر شرکاء نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کاکیک کاٹا اور ان کی پاکستان بنانے کے لئے انتھک کوششوں اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کا آغاز محمد محسن بلوچ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ،نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاجی قمر حسین چوہدری نے حاصل کی ۔مختلف شخصیات حاجی قمر حسین چوہدری اور حاجی بابر فہیم نے شاعری کے ذریعے قائد اعظم کی رہنمائی، قربانی اور عظمت کو یاد کیا اور ان کے کارناموں کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر میزبان تقریب الحاج شیخ وحید احمد اور طارق عمر نے پاکستان کے بانی کی شخصیت کی اہمیت کو بھرپور طریقے سے سراہا اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے وژن کی روشنی میں پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے لئے دعا کی۔ تقریب کے آخر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میزبان تقریب الحاج شیخ وحید احمد نے حاضرین شرکاء کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مختلف شخصیات نے بھی بابائے قوم کو اخراج تحسین پیش کیا ۔