پیرس (رضا چوہدری )کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ دنیا کی تاریخ جدوجہد آزادی سے بھری پڑی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کی جدوجہد اور قیادت کی اور پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں کہا کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ تھے جنہوں نے قیام پاکستان سے پہلے19جولائی 1947کو مملکت خداد داد پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد پاس کی۔ انہوں نے بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری گزشتہ 77سال سے تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے پاس شدہ حق خودارادیت کی قراردادیں مسئلہ جموں کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کیلئے بہترین اور موثر روڈ میپ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ یوم قائد اعظم کے موقع پر روزنامہ جنگ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں ظلم وجبر اور اسبتداد کے ذریعے عوامی اسلامی تحریک آزادی کو کچلنے کی کوشش کررہا ہے۔ جموں کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ اقوامِ متحدہ کے ضابطوں اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، دنیا جانتی ہے کہ بھارت جموں کشمیر میں ایک غاصب کی حیثیت سے موجود ہے جو جموں کشمیر میں آزادی اور انصاف مانگنے والے لوگوں نہتے شہریوں کو بے دردی سے شہید کررہا ہے اور کئی ہزار لوگوں کو بدترین کالے قوانین کے تحت گرفتار کر کے بھارت کے دور دراز مختلف جیلوں میں مقید کر رہا ہے۔ 5 جنوری 1949 کی قرارداد پر بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے دستخط کئے لیکن 5 اگست 2019 کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اور لوک سبھا کے بی جے پی کے بھارتی ممبران نے یکطرفہ طور پر دفعہ 370 اور 35A کو ختم کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ بھارت معاہدوں اور وعدوں کو توڑ نے والا ملک ہے۔