پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سطح پر گزشتہ 3ماہ کے دوران بزنس کمیونٹی کے لئے ریلیف اور مسائل کے حل کے اقدامات بارے میں مشاورتی اجلاس فضل مقیم خان کے زیر صدارت ہواجس میں سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان اور نائب صدرشہریار خان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گزشتہ 3ماہ کے دوران سرحد چیمبر کی جانب سے کاروباری طبقہ کے لئے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اور ان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیاجبکہ نئے سال کے لئے نئے اہداف مقررکئے گئے اور کاروباری طبقہ کے مسائل کو اجاگر کرنے اور انہیں ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر انداز میں اٹھا کر حل کرانے کا عزم کیا گیا۔ فضل مقیم خان نے کہا کہ وعدوں کی تعمیل کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو مسائل کو حل کروانے کے لئے وفاقی و صوبائی سطح پر موثر انداز میں آواز اٹھائی ہے اور مستقبل میں بھی اس جذبے کے اور قیادت و کابینہ کی رہنمائی و مشاورت کے ساتھ کاروباری طبقہ کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے 24گھنٹے خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ عبدالجلیل جان اورشہریار خان نے نئے سال کے لئے باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کے حل کیلئے متعدد تجاویز پیش کیں۔ دریں اثناء اجلاس میں سرحد چیمبر کی سطح پر مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے ٹریڈ بلیٹن شائع کرنے کی بھی منظور ی دی گئی۔