• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ تعلیم کوہاٹ میں ضلع کے افراد کی تعیناتی یقینی بنائے‘ آفتاب عالم

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی نے کہا ہے کہ بشمول ضلع کوہاٹ تمام اضلاع میں بنیادی تعلیم کی فراہمی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوہاٹ میں بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے وہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا سے مسلسل رابطے میں ہیں اور بہت جلد ان کی کاوشیں رنگ لائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں گزشتہ روز محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اعلیٰ حکام کے ساتھ کوہاٹ میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم ثمینہ الطاف سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حکام نے اجلاس کو کوہاٹ میں تعلیمی شماریات سمیت سالانہ ترقیاتی پروگرام2024-25 کے تحت جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر قانون نے تعلیمی میدان میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے کردار کو سراہتے ہوئےکہا کہ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات میں کوہاٹ سمیت تمام اضلاع کے ساتھ منصفانہ اور متوازن پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔محکمہ تعلیم کوہاٹ کے سکولوں میں ضلع کے افراد کی ہی تعیناتی یقینی بنائے جو کہ پالیسی کے تحت مقامی افراد کا حق بنتا ہے۔ محکمہ تعلیم کوہاٹ میں بچیوں کو تعلیم کی زیور سے آراستہ کرنے کے لئے منصوبہ بندی وضع کرے تاکہ وہ صنفی امتیاز کے بغیر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کوہاٹ کے حکام کو ہدایات دیں کہ علاقے کے تعلیمی منصوبوں کی شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
پشاور سے مزید